جموڑیہ سرکل 1کے سری پور اردو فری پرائمری اسکول میں جمعرات کے دن کتب خانہ(Library )وکمرہ تدریسی آلات(TLM Room) کے ساتھ کمرہ کارکردگی(Activities Room)کا افتتاح اسکول کے ہیڈ ٹیچر محمد پرویز عالم کے ہاتھوں ہوا۔موقعے پر موجود اسکول کے معاون معلم امتیاز احمد انصاری نے بتایا کہ بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ طلبہ کو کلاس روم کے اندر تعلیمی دلچسپی پیدا کرنے اور مختلف ماڈلوں کے ذریعہ مکمل اور پختہ معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے تدریسی آلات کےاستعمال کی ترغیب نہ صرف محکمہ تعلیم دیتی ہے بلکہ حکومت ان آلات کی خریداری کے لیے فنڈ بھی دیتی ہے۔ سری پور اردو پرائمری اسکول کے ہیڈ ٹیچر محمد پرویز عالم نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے ہی اسکول کے نظم ونسق میں مزید بہتری لانے ،تعلیمی معیار بلند سے بلند کرنے کےلئے اور ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے مقصد سے کمرہ تدریسی آلات وکتب خانہ کے ساتھ کمرہ کارکردگی کاافتتاح عمل میں لایا گیاہے۔ اس سوچ کو آگے بڑھانے اور عملی جامہ پہنانے میں تمام اساتذہ عمومی طور پراور ماسٹر محمد مختار عالم اور درجہ پنجم کےطلباوطالبات نے پورا پورا ساتھ دیا ہے۔ آج کے اس افتتاحی تقریب کےموقعے پر ہیڈ ٹیچر محمد پرویز عالم ،امتیاز احمد انصاری اور محمد مختار عالم کے علاؤہ مولانا محمد ساجد اشرفی،محمد امتیازالدین،محمد حمید،محمد فضل الرحمان ،شبیراحمد اور اختر رضا موجود رہے۔


















