آسنسول : ینگ جنریشن بلڈ ڈونرز ویلفیئر سوسائٹی، ریل پار، آسنسول کی جانب سے سنیچر کے روز تنظیم کا 24 واں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک عظیم الشان خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیرِ قانون و محنت ملائے گھٹک مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ انہوں نے خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں کو اسناد دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب میں آسنسول میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر سید وسیم الحق، ایم ایم آئی سی گرو داس چٹرجی، بورو چیئرمین انیمیش داس، وارڈ نمبر 24 کی کونسلر فنصبی عالیہ، وارڈ نمبر 98 کی کونسلر کہکشاں ریاض، پچھم بردوان ضلع اقلیتی کمیٹی کے ضلع صدر سید محفوظ الحسن بھی شریک ہوئے۔ خون عطیہ تحریک سے طویل عرصے سے وابستہ بلال خان اور محمد خالد بھی تنظیم کی نمائندگی کرتے ہوئے موجود تھے۔
محمد خالد نے بتایا کہ آج تنظیم کے 24 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر عظیم خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، “خون ایک ایسی نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ صرف ایک انسان ہی دوسرے انسان کو خون دے سکتا ہے۔” انہوں نے تمام سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ خون عطیہ کے لیے آگے آئیں تاکہ کسی بھی مریض کی جان خون کی کمی کے باعث ضائع نہ ہو۔ اس کیمپ میں کل 73 یونٹ خون عطیہ کیا گیا۔