پچھم بردوان کے کُلٹی تھانہ کے تحت آنے والے ایسکو بائی پاس کے رانی شاير موڑ پر سوموار کی صبح ایک دردناک سڑک حادثے میں گیارہویں جماعت کی طالبہ نندنی گپتا (عمر 17) جاں بحق ہو گئیں۔ اس سانحے سے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق، نندنی گپتا اپنے ماموں کے ساتھ موٹربائیک پر سوار ہو کر نعمت پور، رادھا نگر سے برن پور کے ایک اسکول جا رہی تھیں۔ اسی دوران ای سی ایل کی بیجڈی کولیری کی ایک بارود لدی گاڑی نے ان کی موٹربائیک کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ نندنی موقع پر ہی شدید زخمی ہو گئیں۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر نندنی کو آسنسول ضلع اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ نندنی کے ماموں کو بھی معمولی چوٹیں آئیں، مگر وہ خطرے سے باہر ہیں۔
نندنی حالیہ دنوں میں اپنے ماموں کے گھر رہائش پذیر تھیں اور برن پور کے ایک اسکول میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ ان کی ناگہانی موت سے گھر، اسکول اور پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد مشتعل مقامی لوگوں اور متاثرہ خاندان نے بیجڈی کولیری کے سامنے دھرنا دے کر کام بند کروا دیا اور حادثہ کا ذمہ دار گاڑی ڈرائیور کو قرار دے کر معاوضے کا مطالبہ کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری اس حادثے کی بنیادی وجہ ہے۔
پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مقامی باشندوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ رانی شایر موڑ پر ایسے حادثے بار بار ہوتے ہیں، اور اس کی وجہ خراب سڑک اور گاڑیوں کی لاپروائی ہے۔
علاقے کے لوگ انتظامیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سڑک کی حالت درست کی جائے اور ٹریفک پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔