جام وحدت کا پلانے مرے سرکار آئے
ایک ہی رب ہے بتانے مرے سرکار آئے
رحمتیں سب پہ لٹانے مرے سرکار آئے
سب کو خوش حال بنانے مرے سرکار آئے
آمدِ پاک کے فیضان سے اس دنیا کو
نور و نکہت میں بسانے مرے سرکار آئے
دکھ کا مالک ہے خدا سکھ کا بھی مالک ہے خدا
یہ سبق یاد کرانے مرے سرکار آئے
زندگی اپنی جو حیوان کے جیسی تھی اسے
ڈھنگ جینے کا سکھانے مرے سرکا آئے
ایک مالک سے سبھی کام کرا کر اپنے
شرک و بدعت سے بچانے مرے سرکار آئے
بن کے الطاف کرم رحم محبت کا وجود
سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے
دیکھو تو شانِ کریمی کا یہ انداز “ذکی”
مجھ کو فردوس دلانے مرے سرکار آئے
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج، بارہ بنکی، یوپی انڈیا


Post Views: 127










