سیل کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر امریندو پرکاش کے دورۂ سیل آئی ایس پی ، برن پور کے موقع پر ترنمول کانگریس کے کونسلروں کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور مختلف مسائل کو لے کر ایک عرضداشت پیش کی۔ یہ وفد آسنسول میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 78 کے کونسلر اشوک رُدر کی قیادت میں پہنچا۔ کونسلروں نے سیل آئی ایس پی کے مجوزہ توسیع اور جدید کاری منصوبے پر اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پلانٹ کی ترقی اور جدید کاری قابلِ تعریف ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ مقامی مفادات کا تحفظ بھی نہایت ضروری ہے۔ اشوک رُدرا نے اپنے مکتوب میں مطالبہ کیا کہ آؤٹ سورسنگ ورکرز کو اے ایس پی اور ڈی ایس پی کے ملازمین کی طرز پر مساوی اجرت اور سہولیات دی جائیں۔ اس کے علاوہ پلانٹ کی توسیع اور جدید کاری کے دوران ہونے والی بھرتیوں میں 10 کلو میٹر کے دائرے کے مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ آئی ایس پی کے سی ایس آر ڈیپارٹمنٹ کو آس پاس کے علاقوں میں پانی، بجلی، نکاسیِ آب، اور خوبصورتی کے منصوبوں کو مزید مضبوط کرنا چاہیے تاکہ مقامی عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔ کونسلر اشوک رُدرا نے اپنے خط میں یہ تشویش بھی ظاہر کی کہ سیل آئی ایس پی کے دو اسکولوں کے لیے “ایکسپریشن آف انٹریسٹ” (EOI) جاری کیا گیا ہے، جس سے ان اداروں کے نجکاری کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو آؤٹ سورسنگ ورکرز کے بچوں کی تعلیم متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ فیس میں اضافہ ہونے کی صورت میں وہ اپنی پڑھائی جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا:
> “ہم سیل آئی ایس پی کی جدید کاری کی حمایت کرتے ہیں، لیکن ترقی کے ساتھ ساتھ مقامی مفادات اور مقامی نوجوانوں کے مستقبل کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔” انہوں نے آخر میں انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان تمام مسائل پر سنجیدگی سے غور کرے اور مقامی نمائندوں کے ساتھ مسلسل بات چیت اور رابطہ برقرار رکھے۔ اس موقع پر سیل آئی ایس پی کے سی ای او، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، بورو چیئرمین شیوانند باؤری، کونسلر شراونی بشواس اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔










