رانی گنج کے بکتا نگر علاقے میں بکرے کی چوری کے الزام کو لے کر شدید سنسنی پھیل گئی۔ اطلاعات کے مطابق کولکاتا سے آئی ہوئی بکرے چوروں کی ایک ٹولی انڈال کی طرف سے رانی گنج کی سمت جا رہی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی رانی گنج اور انڈال تھانے کی پولیس بھی حرکت میں آگئی اور عوام کے ساتھ مل کر اس ٹولی کا پیچھا کرنے لگی۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ چاروں ملزم ہونڈا سِٹی کار میں کئی بکرے بھر کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران بکتا نگر کے دو نوجوان، جو بائیک پر جارہے تھے، ان کی گاڑی کی زد میں آگئے۔ بعد میں رانی گنج کی سمت بھاگتے ہوئے انہوں نے ایک اور راہگیر کو بھی ٹکر مار دی۔ سڑک کی مرمت کے سبب گاڑی واپس موڑنے کی کوشش میں اُلٹ گئی، جس کے بعد مقامی لوگوں نے انہیں گھیر کر پکڑ لیا۔
گاڑی میں موجود تین افراد کو مشتعل عوام نے خوب دھلائی کے بعد رانی گنج تھانے کے پنجابی موڑ چوکی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے کولکاتا کے مٹیا برج کے رہائشی محمد شمییم، اقبال پور کے رہائشی محمد محمود اور بائی پاس رویندر نگر کے رہائشی دیناناتھ جیسوال کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گاڑی سے رسی، بسکٹ، پانی کی بوتلیں اور بوریاں برآمد ہوئی ہیں جن کی مدد سے یہ لوگ بکروں کو بہلا کر گاڑی میں بٹھاتے تھے۔ پولیس نے متعدد بکرے بھی برآمد کیے جن میں سے کچھ کو ان کے مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔










