جموڑیہ تھانہ کے سری پور پولیس چوکی علاقے کے گرمنٹ نمبر 10 سے تین نابالغ لڑکیاں اور ایک نوجوان کے لاپتہ ہونے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ منگل9 تاریخ کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا، جب تینوں لڑکیاں گھر سے اسکول امتحان دینے کے لیے نکلیں لیکن شام 6 بجے تک واپس نہ آئیں۔ گھر والوں نے خود تلاش شروع کی مگر کئی گھنٹوں کی کوشش کے باوجود کوئی پتا نہ چل سکا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ تینوں لڑکیوں کے ساتھ تین نوجوان بھی اپنے گھروں سے لاپتہ تھے۔ نابالغ لڑکیوں کی شناخت ترنم خاتون (15) دختر طاہر انصاری، رادھا نونیا (15) دختر ہری نونیا، اور پرتِیگنیا نونیا (15) دختر شِیو شنکر نونیا کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں گرمنٹ نمبر 10 کی رہائشی ہیں۔ لاپتہ نوجوانوں کی شناخت واصد انصاری (16) ابن طاہر انصاری، واقِد انصاری (15) ابن واجِد انصاری (دونوں گرمٹ نمبر 10 کے رہنے والے)، اور واجد انصاری (15) ابن فَیاد انصاری (ساکن جموڑیا مسجد محلہ) کے طور پر ہوئی ہے۔
شری پور پھانڑی پولیس نے شکایت ملنے کے بعد تفتیش شروع کی اور خفیہ اطلاع کی بنیاد پر تمام بچوں کو دھنباد اسٹیشن سے برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق پوچھ گچھ میں سب نے انکشاف کیا کہ وہ کام کی تلاش اور روزگار کے حصول کے لیے گجرات جا رہے تھے۔ نابالغ نوجوانوں میں سے ایک پہلے سے ہی گجرات میں کام کرتا تھا اور وہ باقی سب کو بھی اپنے ساتھ لے جانے والا تھا۔ تینوں لڑکیاں بھی انہی کے ہمراہ تھیں۔
پولیس نے تمام بچوں کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔










