ہیراپور تھانہ حلقہ کے آٹھ نمبر بستی علاقے میں واقع ہائی اسکول سے ایک سنگین اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک طالب علم کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کیے جانے کے الزام کے بعد علاقے میں سخت تناؤ کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ واقعہ کو لے کر جہاں طلبہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، وہیں والدین بھی سخت ناراض نظر آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند بیرونی نوجوان اچانک اسکول کے احاطے میں داخل ہو گئے اور ایک طالب علم کو بیلٹ سے بے رحمی کے ساتھ پیٹنا شروع کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ ایک طالبہ سے جڑے کسی تنازعہ کے سبب پیش آیا، تاہم اس کی سرکاری طور پر ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اچانک پیش آنے والے اس واقعے سے اسکول میں افرا تفری مچ گئی اور دیگر طلبہ خوف زدہ ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ طالب علم کے والدین اور دیگر سرپرست اسکول پہنچ گئے اور بچوں کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر اسکول یا اس کے آس پاس اس طرح کے واقعات ہوں گے تو بچوں کی سلامتی کیسے یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب اسکول انتظامیہ اور ہیڈ ماسٹر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اسکول کے احاطے کے باہر پیش آیا ہے اور اسکول کے اندر کسی قسم کی مارپیٹ نہیں ہوئی۔ انتظامیہ کے مطابق پورے معاملے کی اطلاع متعلقہ تھانے کو دے دی گئی ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ فی الحال اس واقعے کو لے کر طلبہ، والدین اور مقامی باشندوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں میں اس بات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے اور مستقبل میں طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔










