درگاپور تھانہ پولیس نے ایک بار پھر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خالی مکان میں ہونے والی جرات مندانہ چوری کے معاملے میں تین پڑوسیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کی نشاندہی پر نقد رقم سمیت تمام چوری شدہ زیورات اور گھریلو سامان بھی برآمد کر لیا، جس سے علاقے کے لوگ اور متاثرہ گھر کے مالک بے حد خوش ہیں۔ اطلاع کے مطابق 26 دسمبر 2025 کو درگاپور کے بیناچٹی علاقے کے انّاپورنا نگر باشندہ پریم کمار ورما گھر میں تالا بند کر کے اپنے رشتہ داروں کے یہاں گئے ہوئے تھے۔ رواں سال 3 تاریخ کو جب وہ واپس آئے تو دیکھا کہ گھر کی الماری ٹوٹی ہوئی ہے اور اس میں رکھی بیس ہزار روپے نقدی، سونے چاندی کے زیورات اور برتن غائب ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے درگاپور تھانے کے اے زون پھانڑی میں تحریری شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے فوری طور پر تفتیش شروع کی۔ درگاپور تھانے کے سب انسپکٹر نجم الہدی کی قیادت میں کی گئی تفتیش کے دوران علاقے کے ہی تین افراد، منیش پرساد، چھوٹو گورائی اور دلیپ ساؤ کے نام سامنے آئے۔ پولیس نے انّاپورنا نگر سے تینوں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے بعد سخت پوچھ تاچھ کے دوران ملزمین کے قبضے سے چوری شدہ زیورات، گھریلو سامان اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔ پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر علاقے کے باشندوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ متاثرہ گھر کے مالک پریم کمار ورما نے پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا: “پولیس نے انتہائی مستعدی کے ساتھ میرا سارا چوری شدہ سامان برآمد کر لیا۔ البتہ یہ جان کر حیرت ہوئی کہ گرفتار ہونے والے سبھی ہمارے ہی پڑوس کے لوگ ہیں۔ اس کے باوجود میں درگاپور پولیس کا دل سے شکر گزار ہوں۔”
گرفتار تینوں ملزمین کو جمعہ کے روز درگاپور سب ڈویژنل عدالت میں پیش کیا گیا۔










