*ڈاکٹر عمار رضوی کا نتن گڈکری کے بیان کا خیرمقدم ،قومی یکجہتی اور اتحاد کی تائید*
لکھنؤ (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری)اترپردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بی جے پی مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف ہے۔
نتن گڈکری نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ بی جے پی کی سیاست نفرت پر نہیں بلکہ ترقی، اتحاد اور قومی مفاد پر مبنی ہے، اور پارٹی سماج کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چاہے کوئی مسجد جائے، گرودوارہ یا بدھ وہار، سب کا خون ایک ہے اور ہم سب ہندوستانی ہیں۔
واضح رہے کہ نتن گڈکری کا یہ بیان حالیہ دنوں روزنامہ انقلاب میں شائع ہوا ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ نتن گڈکری کا یہ بیان نہ صرف بروقت اور حوصلہ افزا ہے بلکہ قومی یکجہتی، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کی سمت ایک مثبت پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے قربانیاں دینے والے مسلمان اتنے ہی محترم اور عزیز ہیں جتنے دیگر مذاہب کے ماننے والے، اور یہی ہندوستان کی اصل شناخت اور طاقت ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے مزید کہا کہ اس طرح کے بیانات ملک میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور مختلف طبقات کے درمیان اعتماد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی بھی ستائش کی کہ نتن گڈکری نے دہشت گردی کے خلاف دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے یہ واضح کر دیا کہ بی جے پی کا اختلاف کسی مذہب سے نہیں بلکہ تشدد اور ملک دشمن طاقتوں سے ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو خط لکھ کر اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مبارکباد بھی پیش کی، اور امید ظاہر کی کہ ایسے بیانات ملک میں اتحاد، بھائی چارے اور قومی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کریں گے۔
یہ اطلاع آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔






