درگاپور میں پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے ایک معاملے کا کامیاب انکشاف کرتے ہوئے نہ صرف ملزم کو گرفتار کر لیا بلکہ چوری شدہ بائیک بھی برآمد کر لی۔ اس کارروائی سے بائیک مالک نے راحت کی سانس لی ہے اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رواں ماہ کی 6 تاریخ کو درگاپور کے چنڈی داس بازار سے شوبھاشیش داس کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی تھی۔ بائیک چوری ہونے پر شوبھاشیش داس سخت پریشان ہو گئے اور انہوں نے درگاپور تھانے کے بی-زون پولیس چوکی میں تحریری شکایت درج کرائی۔
بی-زون پولیس چوکی کے انچارج ہمادری برمن کی قیادت میں پولیس نے فوری طور پر تفتیش شروع کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد یہ پتہ چلایا گیا کہ بائیک کس راستے سے لے جائی گئی۔ اس کے بعد پولیس نے درگاپور تھانے کے دھوبی گھاٹ علاقے میں چھاپہ مارا اور سوموار کی رات سبرت ساہا کو اس کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔
منگل کے روز ملزم کو پولیس تحویل کی درخواست کے ساتھ درگاپور سب ڈویژنل عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس ملزم کو تحویل میں لے کر اس چوری کے گینگ کے اصل سرغنہ کی تلاش میں تفتیش کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔
موٹر سائیکل مالک شوبھاشیش داس نے کہا،
“مجھے لگتا تھا کہ اب بائیک کبھی واپس نہیں ملے گی، لیکن پولیس کی مستعدی سے آخرکار مجھے میری بائیک واپس مل گئی۔ میں پولیس کے کردار کو سلام پیش کرتا ہوں۔”










