Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*برن پور میں نماز کے لیے جاتے دکاندار پر مسلح بائیک سواروں کا حملہ، موت — علاقے میں سنسنی*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

برن پور کے ہیراپور تھانہ علاقے کے کریم ڈنگال محلہ میں سنیچر کی صبح اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم بائیک سوار مسلح جرائم پیشہ افراد نے نماز کے لیے جا رہے 35 سالہ گریل دکاندار پر حملہ کر دیا۔ اس واقعہ میں دکاندار کی موت ہو گئی۔
اطلاع کے مطابق کریم ڈنگال کے رہائشی محمد سرف الدین سنیچر کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے مقامی مسجد میں نماز ادا کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران بائیک پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ گولی سرف الدین کو نہیں لگی، تاہم کسی وجہ سے ان کی ناک پر شدید چوٹ آئی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع پر ہی پستول پھینک کر فرار ہو گئے۔
فائرنگ کی آواز سن کر مقامی لوگ اور اہلِ خانہ موقع پر پہنچے اور شدید زخمی سرف الدین کو فوری طور پر آسنسول ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے سی پی اپشیتا دتہ کی قیادت میں ہیراپور تھانہ کی پولیس، سی آئی اشوک سنگھ مہاپاتر کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔ پولیس نے موقع سے ایک پستول اور گولی کا خول برآمد کیا ہے۔
مقتول کے بھائی محمد جینُل نے بتایا کہ سرف الدین کا گریل اور راڈ کا کاروبار تھا اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازعہ نہیں تھا۔ صبح نامعلوم جرائم پیشہ افراد گاڑی سے آئے اور حملہ کر دیا، جس کی وجہ سمجھ میں نہیں آ رہی ہے۔
وہیں مقتول کے بھتیجے محمد سانو نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انہیں جگا کر چچا پر حملے کی خبر دی۔ جب وہ موقع پر پہنچے تو لوگ تماشائی بنے ہوئے تھے، سرف الدین کی ناک سے خون بہہ رہا تھا اور قریب ہی پستول پڑی ہوئی تھی۔ اہلِ خانہ خود انہیں اسپتال لے گئے جہاں موت کی تصدیق کی گئی۔ محمد سانو کے مطابق ان کے چچا کی موت گولی لگنے سے نہیں بلکہ ناک میں شدید چوٹ یا کسی اور وجہ سے ہوئی ہے۔
صبح سویرے پیش آئے اس واقعے سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ پولیس مقامی لوگوں اور اہلِ خانہ سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے اور حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔