بالاسور 28 جنوری :جمعیۃ علماء اڈیشا کے جنرل سیکریڑی مولانا اکرم تقی صاحب کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند اڈیشہ شاخ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بالاسور میں موب لنچنگ کے افسوسناک واقعے کے شکار خاندان سے ملاقات کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفد نے متاثرہ اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہو کر انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ جمعیۃ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔وفد کے اراکین نے متاثرہ خاندان سے تفصیلی بات چیت کی اور واقعے کی مکمل معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران نے کہا کہ موب لنچنگ جیسے واقعات نہ صرف انسانیت بلکہ ملک کے آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث تمام مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔جمعیۃ کے وفد نے یقین دلایا کہ ادارہ متاثرہ خاندان کو قانونی امداد فراہم کرے گا اور انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران وفد نے مرحوم کے اہل خانہ کو 20,000 ہزار روپے عطیہ کیئے تاکہ مرحوم کے بچوں کو تھوڑی بہت راحت مل سکے۔ متاثرہ خاندان نے جمعیۃ علماء ہند کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات سے انہیں حوصلہ ملا ہے اور انہیں امید ہے کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع کٹک کے صدر مولانا محسن حسین صاحب،جمعیۃ علماء ضلع کیندرہ پاڑہ کے صدر مولانا سلطان صاحب، دینی تعلیمی بورڈ صوبہ اڈیشا کے سکریڑی مولانا محمد زاہد صاحب کے ساتھ جمعیۃ علماء کے ممبر حافظ مظہر صاحب ،جناب سرفراز صاحب،جناب شرافت خان،جناب ریاض صاحب ،جناب مقصود خان صاحب اور جناب عبد المجید خان صاحب موجود رہکر اہل خانہ کو حوصلہ دیا،آخر میں جمعیۃ علماء ہند اڈیشہ شاخ نے واضح کیا کہ وہ ریاست میں امن، بھائی چارے اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی مظلوم کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر خاموش نہیں رہے گی۔بالاسور سے عظیم بالیسری کی رپورٹ۔










