کیندا ایریا کمپلیکس کے قریب بدھ کی رات ایک المناک سڑک حادثے میں ای سی ایل کا ایک ملازم ہلاک ہو گیا۔ متوفی کی شناخت پانڈیشور کے سون پور گاؤں باشندہ سجن گھوش (32) کے طور پر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سجن گھوش ای سی ایل کے کیندا ایریا دفتر میں کان کن کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔ بدھ کی رات تقریباً گیارہ بجے وہ خود چار پہیہ گاڑی چلاتے ہوئے ہری پور سے اُکھڑا کی جانب جا رہا تھا۔ اسی دوران ہری پور–اُکھڑا روڈ پر کینڈا ایریا کمپلیکس کے سامنے سڑک کنارے کھڑی ایک ٹورسٹ بس سے اس کی گاڑی زوردار ٹکر کھا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا اور گاڑی الٹ گئی۔ سجن گھوش کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق امکان ہے کہ وہ نشے کی حالت میں تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا، جس کے باعث اس نے گاڑی پر قابو کھو دیا اور سڑک کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرایا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انڈال تھانہ کے بن بہال پولیس چوکی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے آسنسول ضلع اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔










