بالاسور 10 فروری:اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک اہم اور یادگار پیش رفت کے طور پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (NCPUL) کے زیر اہتمام نئی دہلی میں 6 تا 8 فروری 2026 سہ روزہ تاریخ ساز عالمی اردو کانفرنس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس باوقار ادبی اجتماع میں ملک و بیرونِ ملک سے ماہرینِ علم و ادب، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی اور اردو کے علمی و تہذیبی سرمایے پر بصیرت افروز گفتگو پیش کی۔

کانفرنس کے ایک اہم تکنیکی اجلاس میں اڈیشا کی نمائندگی کرتے ہوئے معروف قلم کار جناب خاور نقیب نے اپنا تحقیقی مقالہ بعنوان “انڈین نالج سسٹم: اردو تراجم کے آئینے میں” پیش کیا، جسے علمی حلقوں میں بے حد سراہا گیا۔ مقالے میں ہندوستانی علمی روایت اور اردو تراجم کے باہمی تعلق کو مدلل انداز میں اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر اسما پروین، شبیر احمد، پروفیسر انتخاب احمد، پروفیسر روی ٹیک چندانی، خواجہ افتخار احمد، پروفیسر شافع قدوائی اور پروفیسر ایس این تیواری سمیت ممتاز علمی شخصیات اسٹیج پر موجود رہیں اور اپنے اپنے مقالات پیش کر کے علمی مذاکرے کو وقار بخشا۔کانفرنس کے روحِ رواں اور قومی کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال اور ان کی پوری ٹیم اس شاندار انعقاد پر مبارک باد کی مستحق ہے، جن کی محنت اور بصیرت نے اس عالمی اردو کانفرنس کو ایک تاریخی سنگِ میل بنا دیا۔اختتامیہ نشست میں اردو زبان کے فروغ، علمی ترجمہ نگاری اور عالمی سطح پر اردو کے امکانات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کامیاب اور باوقار انعقاد نے اردو کے تابناک مستقبل کے لیے نئی امیدیں روشن کر دی ہیں۔










