مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کی سیاست میں گرما گرمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ اسی سلسلے میں بارابنی علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی نکالی گئی ’پریورتن یاترا‘ کے دوران اچانک تشدد اور شدید کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے کارکنان کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی جس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ اس واقعہ کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے اور دونوں فریق ایک دوسرے کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مائتھن سے شروع ہو کر چار اضلاع کے دورے پر نکلی بی جے پی کی یہ یاترا جیسے ہی بارابنی پہنچی، دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے اور تصادم شروع ہو گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ پورا واقعہ وہاں موجود پولیس کے سامنے پیش آیا جہاں دونوں پارٹیوں کے حامی ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ اس دوران مبینہ طور پر اینٹ اور پتھراؤ بھی کیا گیا جس کے باعث کئی کارکنان کے زخمی ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حالات کو بگڑتا دیکھ موقع پر تعینات مرکزی سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر مداخلت کی اور مظاہرین کو منتشر کر کے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول برقرار ہے جبکہ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔






