آسنسول میں ریاست کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو اس وقت تقویت ملی جب معروف وکیل سید اعجاز احمد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ وہ طویل عرصے تک کانگریس سے وابستہ رہے تھے۔
اتوار کے روز ایک پروگرام کے دوران ریاستی وزیر مولئے گھٹک کی موجودگی میں سید اعجاز احمد کو ترنمول کانگریس کا پرچم دے کر باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے کئی حامیوں نے بھی ترنمول کانگریس کی رکنیت اختیار کی۔
پارٹی میں شامل ہونے کے بعد سید اعجاز احمد نے کہا کہ ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی عوام دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر انہوں نے ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں وہ پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کام کریں گے۔
اس موقع پر وزیر مولئے گھٹک نے کہا کہ سید اعجاز احمد جیسے تعلیم یافتہ اور سماجی سوچ رکھنے والے شخص کی شمولیت سے ترنمول کانگریس مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا تجربہ پارٹی کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس پیش رفت کے بعد آسنسول کے سیاسی حلقوں میں بحث تیز ہو گئی ہے اور خاص طور پر اپوزیشن جماعتوں پر اس کے ممکنہ اثرات کو لے کر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔










