بالاسور 21 مارچ: ملک بھر کی طرح بالاسور شہر میں بھی عیدالفطر کا تہوار نہایت جوش و خروش اور باہمی بھائی چارے کے ماحول میں منایا گیا، ۔ صبح سویرے ہی شہر کی مساجد اور عیدگاہوں میں ۔نمازیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی،

جہاں لوگوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک و قوم کی خوشحالی، امن اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔اطلاعات کے مطابق بالاسور شہر کے درگاہ میدان سمیت مجموعی طور پر 19 مساجد میں نماز عید کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بالاسور کے درگاہ میدان میں بڑی تعداد سے لوگ جمع ہوکر اجتماعی طور پر نماز عید ادا کی اور بعد ازاں ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سماجی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بھی دیکھنے کو ملی۔ بالاسور کے سابق ایم ایل اے سوروپ کمار داس درگاہ میدان پہنچے اور مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔ ان کے ساتھ مختلف سماجی کارکنان اور مقامی راج نیتا بھی بڑی تعداد میں موجود رہے، جنہوں نے عوام کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔نماز کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں عید کی خوشیاں عروج پر رہیں۔ گھروں میں خصوصی سیوائیاں تیار کیے گئے اور لوگ ایک دوسرے کے یہاں جا کر عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ بچوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے کو ملا، جو نئے کپڑوں میں ملبوس عید کی خوشیاں مناتے نظر آئے۔








ضلع انتظامیہ اور پولس انتظامیہ کی دیکھ ریکھ میں مجموعی طور پر بالاسور میں عیدالفطر کا تہوار امن، بھائی چارے اور یکجہتی کے پیغام کے ساتھ خوش اسلوبی سے منایا گیا۔بالاسور سے عظیم بالیسری کی رپورٹ










