Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*آسنسول رحمانیہ ہائی اسکول میں حج تربیتی کیمپ* *پروجیکٹر اور اسکرین کی مدد سے عازمین کودی گئی ٹریننگ*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

*آسنسول رحمانیہ ہائی اسکول میں حج تربیتی کیمپ*
*پروجیکٹر اور اسکرین کی مدد سے عازمین کودی گئی ٹریننگ*

خصوصی رپورٹ :
*امتیاز احمد انصاری*

جہانگیری محلہ حج ٹریننگ کمیٹی کے زیراہتمام آسنسول رحمانیہ ہائی اسکول میں سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی اتوار کے دن حج تربیتی کیمپ کی پروقاراور پرنورمحفل سجائی گئی۔اس تربیتی پروگرام کی سرپرستی جہانگیری محلہ مسجد کے امام وخطیب مفتی شکیل الرحمٰن قاسمی نے کی جبکہ صدارت کی ذمہ داری قاضی شریعت مفتی زبیر احمد قاسمی نبھائے ۔مفتی شکیل الرحمٰن قاسمی کے تلاوت کلام پاک اور افتتاحی گفتگو کے بعد محمد ثانی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔بعدازاں حج کوآرڈینیٹر الحاج کوثرامام نے پروجیکٹر کی مدد سے 18×12 فٹ کےبڑے اسکرین پر  مقدس سفر حج کی تیاری سے لے کر کولکاتہ ائیر پورٹ تک پہنچنے  کی تمام باریکیوں کو سمجھایا۔موصوف نےعازمین کواس سفر کے دوران اپنے ساتھ لے جائی جانے والی چیزوں کو اچھی طرح پیک کرنے کی بات بتاتے ہوئے بڑے لگیج میں دوا،تیل یا کسی بھی طرح کے رقیق سامان نہ رکھنے اور سائیڈ بیگ میں ڈاکٹر کے نسخے کےساتھ استعمال کی جانے والی دوائیں ، غسل کے تمام لوازمات اور ایک جوڑانیا کرتہ پائجامہ ضرور رکھنے کی ہدایت دی۔کولکاتہ ائیرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر پر پاسپورٹ ،ویزا اور روانگی کا ٹکٹ کی ضرورت پڑتی ہے اس لئے اسے اپنے ساتھ رکھنے کی بات کہی۔اس کے علاؤہ انٹیمیشن لیٹر،ادا کی جانے والی تمام رقوم کی رسیدات،ٹریننگ کارڈ،ہیلتھ کارڈ،پاسپورٹ و ای ویزا،جہاز کے جانے اور واپس آنے کا ٹکٹ سمیت شناختی کارڈ کے پانچ سیٹ زیروکس اپنے پاس رکھنے کی بھی ترغیب دئیے۔مدینہ ائیرپورٹ سے باہر نکلنے پر فراڈ سے بچنے کےلئے موبائل کاسیم خریدنے سے منع کیا۔انہوں نے بتایا کہ بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ تمام عازمین کو اسمارٹ گھڑی دی جاتی ہے تاکہ ارکان کی ادائیگی میں سہولت کےساتھ اپنے ساتھی عازمین سے رابطہ کرنے میں آسانی ہو۔ریاض الجنہ میں نماز کی ادائیگی کے لئے صرف بیس منٹ کا ہی وقت ملتا ہے اور اس کی اجازت یابکنگ Nusuk ایپ کے ذریعہ ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔ریاض الجنہ کے بغل ہی میں پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا روضہ مبارک ہےجس کی زیارت اور  اپنی جانب سے اور جن لوگوں نے بھی سلام کانذرانہ پیش کرنے کی گزارش کی ہوگی سبھوں کی جانب سے نذرانہ سلام پیش کردیں۔ بعد نماز فجر اور عصر جنت البقیع کی زیارت کاموقع دیا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مدینہ میں پانچ وقت کے بجائے چھ وقت یعنی  تہجد کی نماز کے لئے بھی اذان دی جاتی ہے اور سبھی اذانوں کے فورآ بعد جماعت کھڑی ہوجاتی ہے ۔مسجد قبا،مسجد قبلتین، وادی جن سمیت تمام مقامات کی زیارت کرنے کے لئے فجر کی نماز کے بعد نکلنے اور ہرحالت میں ظہر کی نماز سے قبل واپسی لازمی بتایا تاکہ کوئی بھی نماز قضا نہ ہونے پائے۔علاوہ ازیں اہرام کی حالت کی پابندیاں اور حج کے ایام کے دوران کی تمام باتوں کو بہت ہی جذباتی انداز میں بیان کئےاور تمام عازمین کو ہرحالت میں صبر کرنے کی تلقین کئے۔اس خوبصورت محفل کااختتام دعاء پر ہوا۔حج تربیتی پروگرام کو کامیاب بنانے میں جہاں ایک جانب حج کوآرڈینیٹروں میں شامل الحاج کوثرامام،الحاج ندیم اختر ،الحاج مختار انصاری،الحاج ماسٹر محمد شہنواز ،الحاج نذیر احمد،الحاج محمد منیر،الحاج قمر الزماں اور ڈاکٹر ذیشان الٰہی ودیگر کی کوششیں قابل ذکر ہیں وہیں دوسری طرف جہانگیری محلہ حج ٹریننگ کیمپ کے تمام نوجوان کی خدمات بھی قابل ذکر ہیں ۔واضح ہوکہ امسال آسنسول ودرگاپور سب ڈویژن سے کل 183عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے 123عازمین آج کے اس ٹریننگ کیمپ میں شامل ہوئے۔ان تمام عازمین کو کمیٹی کی جانب سے جائےنماز اور تسبیح پیش کی گئی اور اس تربیتی کیمپ میں شامل ہونے والے تمام لوگوں کےلئے پُرتکلف ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔