*آسنسول چیمبر آف کامرس کا میئر سے تجاوزات ہٹانے کا مطالبہ*
آسنسول شمار آف کامرس نے آسنسول میونسپل کارپوریشن کے میئر کو ایک مکتوب ارسال کرتے ہوئے شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
چیمبر آف کامرس کے اعزازی سکریٹری شمبھو ناتھ جھا کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے یہ بات سننے میں آ رہی تھی کہ میئر تجاوزات ہٹانے کے خواہشمند تھے، لیکن مبینہ طور پر وزارتی سطح پر رکاوٹوں کے باعث کارروائی ممکن نہیں ہو پا رہی تھی۔ اب جبکہ ایسی رکاوٹیں باقی نہیں رہیں، اس لیے میئر کو بلا تاخیر شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے قدم اٹھانا چاہیے۔
خط میں خاص طور پر ہاٹن روڈ، بسٹن بازار، پکا بازار اور دیگر اہم علاقوں کے فٹ پاتھوں کو منظم کرنے اور ناجائز قبضے ہٹانے کی اپیل کی گئی ہے۔ چیمبر آف کامرس نے کہا کہ چند افراد کے ذاتی مفادات کو عوامی سہولت پر ترجیح نہیں دی جا سکتی، کیونکہ شہر کے عام لوگ ان تجاوزات کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
مکتوب میں مزید کہا گیا کہ اگر میئر کو اس مہم میں کسی بھی طرح کے تعاون کی ضرورت ہو تو چیمبر آف کامرس ہر وقت انتظامیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اگر انتظامیہ تجاوزات ہٹانے میں خود کو ناکام محسوس کرتی ہے تو عوام کے سامنے کھلے اسٹیج سے اس کا اعلان کیا جائے۔
اس خط کی نقل میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، چیئرمین، ڈپٹی میئر اور سکریٹری کو بھی بھیجی گئی ہے۔










