*تنظیم آواز نے کمشنر آسنسول کارپوریشن کو سات نکاتی مطالبات پیش کیے*
—
*پوجا سیزن سے قبل صاف پانی، ڈرین اور گاربیج کی صفائی کا مطالبہ: نعمان اسفر خان*

مذہبی اور لسانی اقلیتوں کی تنظیم آواز کی پسچھم بردوان ضلع کمیٹی کے سکریٹری جناب نعمان اسفر خان نے آسنسول شہر کمیٹی کے فیصلے کے مطابق آسنسول میونسپل کارپوریشن کی کمشنر محترمہ آدیتی چودھری کو سات نکاتی مطالبات پر مشتمل ایک عرضداشت پیش کی۔
عرضداشت کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ پوجا سیزن شروع ہونے سے قبل آسنسول میونسپل کارپوریشن کے تمام علاقوں میں ڈرینوں اور گاربیج کی مناسب صفائی کرائی جائے، تاکہ عوام کو گندگی، پانی جمع ہونے اور دیگر مسائل سے نجات مل سکے۔ اس کے ساتھ ہی عوام کو شفاف اور صاف پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پورے آسنسول میونسپل کارپوریشن کے تحت 106 وارڈز ہیں۔ تاہم، موجودہ حالات میں وارڈ کاؤنسلروں کی عدم موجودگی کے باعث عام لوگوں کو اپنی شکایات اور مسائل متعلقہ سطح تک پہنچانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ عوام اپنی شکایات کس کے سامنے پیش کریں، یہ بھی ایک بڑا سوال بنا ہوا ہے۔
ہر شخص کے لیے اپنی شکایت لے کر کارپوریشن کے دفتر پہنچنا ممکن نہیں ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیم آواز نے عوامی پریشانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے کارپوریشن کمشنر کو عرضداشت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ پوجا سیزن شروع ہونے سے قبل مذکورہ بنیادی شہری سہولیات سے متعلق کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔
تنظیم آواز نے امید ظاہر کی کہ کارپوریشن انتظامیہ عوام کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان مطالبات پر فوری کارروائی کرے گی۔










