Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کا لیٹریری سیمینار*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

آسنسول : ایم اے اور بی اے کے طلبہ و طلبات کی تعلیمی رہنمائی کے لیے قائم کردہ ادارہ ، اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کی جانب سے یک روزہ ادبی سیمینار بعنوان” فورٹ ولیم کالج کی ادبی خدمات ” کا انعقاد، المدینہ فاؤنڈیشن پبلک اسکول کی عمارت میں تزک و احتشام سے کیا گیا. اس سیمینار میں کے این یو سے ایم۔اے۔ پاس کرچکی طالبہ مسکان کامل، ٹی ڈی بی کالج سے ایم اے اردو تھرڈ سمسٹر کی طالبہ آیت اقبال اور بی سی کالج سے اردو آنرس کی طالبہ شہزادی خاتون نے اپنے تحریر کردہ مقالے پڑھے.
واضح رہے کہ اس یک روزہ ادبی سیمینار کی صدارت معروف شاعر، صحافی وسابق صدر مدرس سردار رب نواز صارم نے کی جبکہ نظامت کی ذمہ داری دھنباد کی ایک معروف ادبی و تعلیمی نوجوان شخصیت، غلام محی الدین نے بحسن و خوبی ادا کی. اخبار مشرق کے آسنسول بیورو چیف اور معروف صحافی وادیب ریاض اتکلی صاحب نے اس یک روزہ سیمینار میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کر کے اس کے وقار کو دو چند کر دیا. انہوں نے اپنی مختصر مگر پر مغز تقریر میں نہ صرف فورٹ ولیم کالج کے قیام کے اغراض و مقاصد پر سیر حاصل گفتگو کی بلکہ مقالہ خواں طالبات کی تربیت و اصلاح کی غرض سے اس نوعیت کے سیمینار کے انعقاد کے لئے اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کے ارباب حل و عقد ریسرچ اسکالر امان اللہ انصاری اور ڈاکٹر شگوفہ تمنا کی بھر پور تعریف و توصیف کی. انہوں نے ذاتی سطح پر مقالہ خواں طالبات کی ہر طرح سے تعلیمی رہنمائی اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی.
سیمینار کی ایک اور مہمان خصوصی محترمہ صبا پروین لیکچرار بی سی کالج نے پروگرام میں حاضر مہمانوں اور طلبہ و طلبات کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ نے طالبات کی تعلیم و تربیت کے لئے اس سیمینار کا اتنا پروقار پلیٹ فارم فراہم کر کے قابل تعریف کارنامہ انجام دیا ہے.انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں ان کے طلبہ و طالبات بھی اپنے نام کے ساتھ اپنے استاد کا نام بھی اسی طرح روشن کریں گے جس طرح علامہ اقبال نے اپنے استاد سید میر حسن کا نام روشن کیا تھا.
اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کے استاد امان اللہ انصاری نے اپنی تقریر میں طلبہ و طالبات کو دلجمعی سے تعلیم حاصل کر نے کی صلاح دی اور بہت سارے کارآمد اور مفید مشوروں سے ان کی رہنمائی کی.
حسب روایت اس یک روزہ سیمینار کا آغاز المدینہ فاونڈیشن پبلک اسکول کے فاونڈر ڈائریکٹر محترم حافظ عاقب حسین نے لحن داؤدی میں تلاوت کلام پاک سے کیا. اس کے بعد ناظم جلسہ غلام محی الدین نے حمد باری تعالیٰ کا نذرانہ پیش کیا.
بعدازاں المدینہ فاونڈیشن پبلک اسکول کے استاد محترم دانش عالم اور اعیرہ شکیل نے نعت پاک کے پرنور اشعار سے حاضرین جلسہ کو مسحور کردیا. ان کے بعد اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کی طالبہ مسکان کامل نے اپنی مترنم آواز میں ایک غزل پیش کی جسے حاضرین نے خوب سراہا.اس ایک روزہ سیمینار میں مقالہ پڑھنے والی ساری پی جی اور یو جی کی طالبات کو شرکت کی سند سے سرفراز کیا گیا جس پر جلسہ کے صدر، مہمان خصوصی اور اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کے سکریٹری کے دستخط تھے.
بعد ازاں اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کے مدرس میر صارم نے ادارے کی رپورٹ پیش کی جس میں انھوں نے ادارے کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ انھوں نے کہا کہ مادھیامک اور ایچ ایس تک تو طلبہ و طالبات کے لیے کوچنگ سینٹرز جا بجا قائم ہیں لیکن یو جی اور پی جی کے طلبہ و طالبات کی تعلیمی رہنمائی کے لیے کوچنگ سینٹرز نہیں ہیں اسی لئے اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کا قیام عمل میں آیا ہے ۔

صدارتی خطبہ میں صدر مجلس سردار رب نواز صارم نے کہا کہ لوگ استہزائیہ لہجے میں کہا کرتے ہیں کہ گرو گڑ رہ گیا اور چیلا چینی ہو گیا جبکہ یہ بات نہایت عزت و احترام سے کہے جانے کے لائق ہے. نہایت قَابل ،محنتی اور ایماندار اساتذۂ ہی خود گڑ رہ کر اپنے اپنے شاگردوں کو چینی بنا دیا کرتے ہیں وہ خود گڑ رہ کر اپنے شاگردوں کو گوبر نہیں بنایا کرتے۔ آج ہماری تہذیب و تمدن بتدریج ترقی کرکے اس مقام پر ایسے ہی لائق، محنتی اور ایماندار اساتذۂ کی بدولت پہنچی ہے اور یقیناً اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کے اساتذہ ڈاکٹر شگوفہ تمنا (لیکچرار سوامی ویویکا نند انٹر کالج، نرسا)، امان اللہ انصاری (گولڈ میڈلسٹ، ریسرچ اسکالر) اور محترم میر صارم اسی زمرے میں آتے ہیں.
صدارتی خطبہ کے بعد اعیرہ اسٹڈی پوائنٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر شگوفہ تمنا نے حاضرین اور مہمانوں کا صدق دل سے شکریہ ادا کیا. اور اس طرح یک روزہ سیمینار کا یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا. اس کے بعد مہمانوں کے لیے پر تکلف ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا.