رانی گنج کے بکھتر نگر علاقے میں منگل کے دن مقامی لوگوں نے شری ستیہ اسپونج اینڈ پاورپرائیوٹ لمیٹیڈ کمپنی کے گیٹ کے سامنے احتجاج کیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس کارخانے کے ذریعہ بڑی مقدار میں آلودگی پھیلائی جارہی ہے۔مقامی سماجی خدمتگار جاوید خان نے بتایا کہ آج سے ایک دیڑھ مہینہ پہلے مقامی لوگوں کے ذریعہ اس کارخانہ کے منیجر کو آلودگی بند کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ابھی کارخانہ انتظامیہ کے ذریعہ 200 ٹن کاایک نیا کلین بٹھایا گیا ہے لیکن اس کے لئے کوئی اجازت نامہ نہیں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کارخانہ انتظامیہ سے جب اس بارے میں بات کی گئی توانہوں نے کہا کہ گاؤں کے 40لوگوں کے ساتھ میٹنگ کرکے انکی اجازت لی گئی تھی۔جب کارخانہ انتظامیہ سے پوچھا گیا کہ وہ کون لوگ تھےجن کے ساتھ میٹنگ کی گئی توان لوگوں کا نام انتظامیہ نہیں بتاسکی۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کارخانہ انتظامیہ گاؤں کے لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کررہی ہے۔انکا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے سال آلودگی کی وجہ کر بیمارہوکر 110لوگ مارے گئے لیکن کارخانہ انتظامیہ کو لوگوں کی صحت کی کوئی فکر نہیں ہے۔ 

















