آسنسول جنوبی تھانہ حلقہ کے مُرگاسال علاقے میں واقع باگڑیا خاندان کے ٹھکانوں پر مرکزی تفتیشی ایجنسی کی بڑی کارروائی کے بعد سنسنی پھیل گئی ہے۔ جمعرات کی صبح جب باگڑیا فیملی کے افراد نیند سے بیدار ہی ہو رہے تھے کہ مرکزی ایجنسی کی ٹیم اچانک ان کے گھر جا پہنچی۔
مقامی ذرائع کے مطابق کارروائی کرنے والی ٹیم میں تقریباً 40 اہلکار شامل تھے۔ ٹیم نے سب سے پہلے گھر میں موجود افراد کے موبائل فون ضبط کیے اور اس کے بعد کاغذات اور دیگر دستاویزات کی چھان بین شروع کی۔
علاقے میں اس کارروائی کو لے کر طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ چھاپہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے مارا ہے، جبکہ بعض حلقے اسے ای ڈی (امفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی کارروائی بتا رہے ہیں۔ تاہم سرکاری طور پر کسی بھی ایجنسی کی جانب سے ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ باگڑیا گروپ پر الزام ہے کہ انہوں نے کروڑوں روپے کے مالی لین دین کے ذریعے ریاست کے مختلف اضلاع میں بالو گھاٹوں کا غیر معمولی پیمانے پر لینے دین کیا ہے۔ چھاپے کے دوران اسی مبینہ غیر قانونی مالی سرگرمی سے متعلق دستاویزات اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
اس اچانک کارروائی کے بعد مُرگاسال اور آس پاس کے علاقوں میں ہڑکمپ مچا ہوا ہے اور لوگ اس آپریشن کے ممکنہ اثرات پر طرح طرح کی بحث کر رہے ہیں۔










