برن پور میں واقع آئی آئی ایس سی او اسٹیل پلانٹ میں ٹھیکہ مزدوروں کی تعداد کم کرنے کے فیصلے نے مزدوروں اور مقامی قیادت کے درمیان تشویش پیدا کر دی ہے۔ اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ (سیل) کے ڈائریکٹر (کارمک) کے۔ کے۔ سنگھ کی جانب سے جاری کردہ ایک خط میں ہدایت دی گئی ہے کہ 31 مارچ 2026 تک ٹھیکہ مزدوروں کی تعداد میں کم از کم 20 فیصد کمی لائی جائے۔

یہ خط آئی آئی ایس سی او اسٹیل پلانٹ کے ڈائریکٹر انچارج سروجیت مشرا کو بھیجا گیا ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی 18 جون 2025، یکم ستمبر 2025 اور 6 دسمبر 2025 کو اسی سلسلے میں ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ 22 دسمبر 2025 کو افرادی قوت کے جائزے اور ماہانہ اہداف کے بارے میں بھی تفصیلات دی گئی تھیں۔
حال ہی میں اسٹیل کی وزارت میں منعقدہ جائزہ میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا کہ سیل کی تمام یونٹوں میں مجموعی طور پر ٹھیکہ مزدوروں کی تعداد میں کم از کم 20 فیصد کمی یقینی بنائی جائے۔ یہ ہدایت صرف انٹیگریٹڈ اسٹیل پلانٹس تک محدود نہیں بلکہ دیگر یونٹوں پر بھی نافذ ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آئی ایس پی (اسکو اسٹیل پلانٹ) میں یکم اپریل 2025 کو 5960 ٹھیکہ مزدور کام کر رہے تھے، جو یکم فروری 2026 تک کم ہو کر 5379 رہ گئے ہیں۔ اب اسے مزید گھٹا کر 4768 کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، یعنی مزید 611 مزدوروں کی کمی کی جائے گی۔ اسی طرح جی ڈی اور ایس جی ڈبلیو یونٹ میں مزدوروں کی تعداد 541 سے کم کر کے 432 کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے تحت 103 مزدوروں کی چھٹنی متوقع ہے۔
خط میں واضح ہدایت دی گئی ہے کہ متعلقہ یونٹیں (پروجیکٹس کو چھوڑ کر) اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے تفصیلی منصوبہ تیار کریں اور 31 مارچ 2026 تک اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
اس فیصلے کے بعد ٹھیکہ مزدوروں کے درمیان بے چینی بڑھنے لگی ہے۔ دوسری جانب برن پور علاقے کے 12 کونسلروں نے اشوک رودر کی قیادت میں اس ممکنہ چھٹنی کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر مزدوروں کی برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو اس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج اور تحریک چلائی جائے گی۔








