Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*سرحدی علاقوں میں ای ڈی کی بڑی کارروائی، غیر قانونی کوئلہ و بالو مافیا میں کھلبلی*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

مرکزی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کی صبح غیر قانونی کوئلہ کھدائی، اسمگلنگ اور اس سے جڑے منی لانڈرنگ کے معاملے میں مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کی سرحد سے متصل علاقوں میں بیک وقت متعدد مقامات پر وسیع پیمانے پر چھاپہ ماری کی۔ اس اچانک کارروائی سے کوئلہ اور بالو (ریت) مافیاوں میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے۔
ای ڈی کی ٹیمیں مرکزی فورسز کے ساتھ صبح سویرے مختلف دفاتر میں داخل ہوئیں اور تمام ملازمین کو ایک جگہ بٹھا کر ضروری دستاویزات، مالیاتی ریکارڈ اور ڈیجیٹل ثبوتوں کی تلاش شروع کر دی۔ اسی سنڈیکیٹ سے منسلک دیگر کئی افراد کے گھروں اور دفاتر پر بھی چھاپے جاری ہیں۔
دوسری جانب، درگاپور اور پانڈیشور علاقوں میں بھی ای ڈی کی الگ الگ ٹیموں نے صبح سے ہی سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پانڈیشور کے کھوٹاڈیہہ گاؤں کے دونا پاڑہ میں یدھشٹھیر گھوش کے گھر پر صبح تقریباً پانچ بجے سے کارروائی چل رہی ہے، جبکہ گھر کے باہر مرکزی فورس کے جوان تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق یدھشٹھیر گھوش پہلے بھی غیر قانونی کوئلہ کاروبار کے ایک معاملے میں جیل جا چکے ہیں اور فی الحال ضمانت پر ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اجئے ندی کے مختلف گھاٹوں سے غیر قانونی بالو نکال کر اس کی اسمگلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔ علاقے میں یہ بھی چرچا ہے کہ آج کی کارروائی کوئلہ اور بالو، دونوں قسم کی اسمگلنگ سے جڑی ہو سکتی ہے۔
ای ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔ غیر قانونی کانکنی اور اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم کے لین دین کی کڑیوں کو جوڑنے کے لیے اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
خبر لکھے جانے تک متعدد مقامات پر تلاشی مہم جاری ہے اور علاقے میں اس بڑی کارروائی کے بعد غیر قانونی کاروبار سے جڑے عناصر میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔