آسنسول: مغربی بنگال پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی انجام دیتے ہوئے بہار کے ضلع مُنگیر سے تعلق رکھنے والے خطرناک اور مطلوب مجرم محمود فردوس عرف “لڈو” کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ٹی ایف کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ محمود آسنسول شمال تھانہ علاقے کے جوبلی موڑ کے قریب موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی فورس نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے دوران اس کے قبضے سے نو (9) خطرناک آتشیں ہتھیار، جن میں 9 ایم ایم، 7 ایم ایم اور دیسی پستول شامل ہیں، نیز متعدد کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، محمود فردوس کافی عرصے سے پولیس کی نظروں میں تھا اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین مقدمات درج ہیں، مگر اب تک وہ قانون کی گرفت سے بچتا رہا تھا۔
ایس ٹی ایف نے محمود کو گرفتاری کے بعد آسن سول عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے 10 دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ اب اسے کولکاتا منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ہتھیار کس مقصد کے لیے جمع کیے گئے تھے، اور محمود فردوس کے مغربی بنگال میں کن افراد یا گروہوں سے روابط ہیں۔
ایس ٹی ایف کے ایک سینئر افسر کے مطابق، “محمود فردوس عرف لڈو ایک انتہائی مطلوب مجرم ہے۔ اس کے قبضے سے برآمد ہتھیار کسی بڑے مجرمانہ منصوبے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ہم اس معاملے کی ہر پہلو سے چھان بین کر رہے ہیں۔”
اس گرفتاری کو مغربی بنگال پولیس کے لیے بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے، اور امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کیس سے متعلق مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔



















