انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک بار پھر پولیس افسر منورنجن منڈل کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔ بدھ کی صبح سے مرکزی فورس کے مسلح جوانوں کے ساتھ ای ڈی کے افسران ان کے گھر میں تلاشی مہم چلا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی 3 فروری کو ای ڈی کے افسران نے منورنجن منڈل کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، جہاں تقریباً 12 گھنٹوں تک تلاشی مہم جاری رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے میں انہیں کولکاتا کے سی جی او کمپلیکس میں واقع ای ڈی دفتر میں بھی طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انہیں ایک نوٹس جاری کر کے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 13 تاریخ کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک کولکاتا میں ای ڈی کے دفتر میں حاضر ہوں۔
فی الحال ای ڈی کی ٹیم مرکزی سیکورٹی فورس کے ساتھ ان کے گھر میں مختلف دستاویزات اور دیگر اہم اشیاء کی تلاشی لے رہی ہے۔ اس کارروائی کو لے کر علاقے میں خاصی چہ مگوئیاں اور سیاسی ہلچل بھی دیکھی جا رہی ہے۔










