آسنسول ریل پار علاقے میں گزشتہ چار برسوں سے جاری ایک بڑے چٹ فنڈ گھوٹالے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے اس معاملے کے مرکزی ملزم تحسین احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے تقریباً 3,000 سے زائد لوگوں سے 350 کروڑ روپے کی ٹھگی کی۔
تحسین احمد، ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے اقلیتی شعبے کے سابق نائب صدر شکیل احمد کا بیٹا بتایا جا رہا ہے۔ اس نے “ماشاءاللہ” نامی مختلف پرکشش اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کیا تھا۔
ہزاروں متاثرین اب انصاف کے لیے سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق، ڈی سی پی دھرو داس کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تحسین کو چندرچور مندر کے قریب سے گرفتار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کو کل عدالت میں پیش کر کے پولیس ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی۔
ادھر پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی جڑ تک پہنچنے کے لیے مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔










