مدھیامک امتحان کے پہلے ہی دن ایک طالب علم امتحانی مرکز پہنچ کر سخت پریشانی میں مبتلا ہو گیا، جب اسے احساس ہوا کہ وہ اپنا ایڈمٹ کارڈ گھر ہی بھول آیا ہے۔ تاہم سِیوک والنٹیر کی فوری اور قابلِ ستائش مدد سے طالب علم وقت پر ایڈمٹ کارڈ حاصل کر کے امتحان میں بیٹھنے میں کامیاب ہو گیا۔
یہ واقعہ کانکسا کے کلڈیہا علاقے کے رہنے والے واشوجیت کرمکار کے ساتھ پیش آیا، جس کا امتحانی مرکز ملان دیگھی درگاداس ودیامندر تھا۔ سوموار کے روز امتحان کے پہلے دن وہ مرکز پہنچا تو بیگ کھولنے پر معلوم ہوا کہ ایڈمٹ کارڈ موجود نہیں ہے، جس پر اس کے ہوش اڑ گئے۔ اس کی اطلاع ملان دیگھی پولیس چوکی میں تعینات اہلکاروں تک پہنچی۔ فوراً سِیوک والنٹیر بودھن ستردھر نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طالب علم کو اپنی موٹر سائیکل پر بٹھایا اور تقریباً 4 کلو میٹر دور اس کے گھر لے گئے۔ وہاں سے ایڈمٹ کارڈ لا کر مقررہ وقت کے اندر امتحانی مرکز پہنچا دیا گیا، جس کے بعد طالب علم امتحان میں شامل ہو سکا۔ طالب علم واشوجیت کرمکار نے کہا،
“اگر سر میری مدد نہ کرتے تو شاید میں امتحان میں بیٹھ ہی نہیں پاتا۔ میں ان کا دل سے شکر گزار ہوں۔” کلڈیہا ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر سنجیت کمار بندوپادھیائے نے بتایا،
“امتحانی مرکز پر مدھیہ شکشا پریشد اور پولیس کی کڑی نگرانی ہے۔ ہمارے اسکول کے ایک طالب علم نے ایڈمٹ کارڈ لانا بھول گیا تھا، جس میں سِیوک والنٹیر نے فوری تعاون کیا۔ ہم ان کے اس قابلِ ستائش کام کو سلام پیش کرتے ہیں۔” سِیوک والنٹیر کی اس بروقت مدد پر والدین اور مقامی افراد نے بھی ان کی بھرپور ستائش کی ہے۔









