*اساتذہ کے بغیر معیاری تعلیم ممکن نہیں: ڈاکٹر عمار رضوی*
*فخرالدین علی احمد گورنمنٹ پی جی کالج محمودآباد میں گولڈن جوبلی تقریب منعقد*
لکھنؤ(پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری)سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اترپردیش اور آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا ہے کہ تعلیم کی مضبوطی میں اساتذہ کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے بغیر معیاری تعلیم ممکن نہیں ہے اور انہی کی محنت سے طلبہ بہتر مستقبل کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔ وہ فخرالدین علی احمد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج محمودآباد میں منعقدہ گولڈن جوبلی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کسی تعلیمی ادارے کا پچاس سال مکمل کرنا اس کی تعلیمی خدمات کا واضح ثبوت ہے۔ اس ادارے سے فارغ ہونے والے طلبہ ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، جو اس کی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے دیگر تعلیمی اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جواہر لعل نہرو پولی ٹیکنک بانسرہ اور دیگر ادارے بھی تعلیمی میدان میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب کا آغاز شمع روشن کر کے کیا گیا، جس کے بعد طالبات نے استقبالیہ نغمہ پیش کیا۔ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر سیما سنگھ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ادارے کی پچاس سالہ تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی کو یادگاری نشان پیش کیا گیا۔

پروگرام کی نظامت ڈاکٹر منتظر قائمی نے کی، جبکہ تقریب کے دوران ہونہار طلبہ و طالبات کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔اس موقع پر پروفیسر آر پی سنگھ، پروفیسر سرویش کمار، ڈاکٹر گوری شنکر گپتا، ڈاکٹر رضوان الحق، ڈاکٹر محمد سعید، ڈاکٹر پرشانت سنگھ، ڈاکٹر داؤد احمد، پروفیسر جیوتی شاہ، پروفیسر وپن کمار شکلا، پروفیسر سنت رام، رمیش واجپئی، ایچ پی ترپاٹھی، پونم موریہ، ڈاکٹر پرارتھنا سنگھ، انوار حسین، ڈاکٹر زبیبہ خان سمیت دیگر معززین موجود رہے۔
تقریب سے پروفیسر رشمی بشنوئی اور بھاسکر شرما نے بھی خطاب کیا، جبکہ آخر میں مہمانِ خصوصی نے طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔






