ڈیسرگڑھ سنکتوڑیہ سے تعلق رکھنے والا ہونہار نوجوان محمد طلحہ عاصم نے اپنے علاقے کی ایک نئی تاریخ مرتب کرتے ہوئے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے)جیسے مشکل امتحان 362مارکس کے ساتھ پاس کرکے نہ صرف اپنے والدین اور علاقے کا نام روشن کیا بلکہ اپنے قوم کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔اس ہونہار طالب علم نے دسویں اور بارہویں کا امتحان آئی سی ایس ای بورڈ سے لوئیلااسکول تالڈانگہ سے پاس کرکے سی اے کا فاؤنڈیشن کورس میں کامیابی حاصل کی۔بعدازاں بی ایس کے کالج سے اکاونٹس آنرز مکمل کرکے کولکاتہ کےایک پرائیوٹ کوچنگ سنٹر سے سی اے کی تیاری کرتے رہے اور پھر پورے یقین کے ساتھ امتحان میں شامل ہوکر اس میں کامیابی حاصل کی۔محمد طلحہ عاصم کے والد محمد عاصم ایسکو برنپور کے ریٹائرڈ الیکٹریکل انجینئر ہیں۔پانچ بھائی اور چھ بہنوں میں سب سے چھوٹا طلحہ عاصم کی دلی خواہش ہے کہ وہ نوکری کرنے کے بجائے اپنا فرم قائم کرکے ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ نوکری کرنے سے بہتر ہے ایک فرم یعنی کمپنی کھولاجائے جہاں دوسرے پڑھے لکھے بےروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جاسکے۔قوم کے بچوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں تعلیم کی بڑی اہمیت ہے۔یہ ایسا ہتھیار ہے جس سے نہ صرف اپنی اور اپنے گھر کی حالت کو سدھارا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پڑھائی میں بہت طاقت ہے۔موجودہ وقت میں جب ملک کے مسلمانوں کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جارہا ہے تو ان حالات میں مسلمانوں کو اس ملک میں عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع اعلی تعلیم سے ہی حاصل ہوگا۔طلبہ کے ساتھ گارجینوں سے بھی کہا کہ جہاں تک ممکن ہوسکے اپنے بچوں کو اعلی سے اعلی تعلیم دلوانے کا بندوست کریں تاکہ تعلیم کی سیڑھی چڑھ کر ترقی کی منزل کو چھوا جاسکے۔





















