اتوار کی رات جیسے ہی فائنل میچ ختم ہوا، شلیگڑی کی گلیوں میں جشن کا سماں چھا گیا۔ بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے اپنے گھریلو میدان پر جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر پہلی بار خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا خطاب جیت لیا۔
اس تاریخی جیت میں بنگال کی بیٹی ریچا گھوش نے اہم کردار ادا کیا۔ ریچا نے صرف 24 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 2 شاندار چھکے شامل تھے۔ وکٹ کیپر کے طور پر بھی انھوں نے ایک بہترین کیچ پکڑ کر ٹیم کی فتح میں قیمتی حصہ ڈالا۔
بھارت کی جیت اور ریچا کی شاندار کارکردگی نے سلی گوڑی کے عوام کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ میچ ختم ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں سے لوگ قومی پرچم ہاتھوں میں لے کر سڑکوں پر نکل آئے۔ “بھارت ماتا کی جے” اور “ریچا گھوش زندہ باد” کے نعروں سے پوری فضا گونج اٹھی۔ رات بھر آتشبازی ہوتی رہی اور لوگوں نے ڈھول نگاڑوں کے ساتھ جشن منایا۔
اگرچہ ریچا گھوش کا خاندان اس وقت ممبئی میں ہے اور وہ اپنی بیٹی کے ساتھ جیت کی خوشی منا رہے ہیں، مگر سلی گوڑی میں ہر زبان پر ایک ہی نام تھا — ریچا گھوش، بنگال کا فخر، بھارت کی ہیروئن۔










