*جشنِ ریختہ 2025: اردو کے سب سے بڑے عالمی تہوار کے دس سال مکمل*
*5 سے 7 دسمبر تک بانسیرا پارک دہلی میں 300 سے زائد فن کار، 35 سے زیادہ سیشنز اور رنگا رنگ پروگرام*
لکھنٶ/دہلی،(ابوشحمہ انصاری)اردو زبان اور تہذیب کے دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی جشن جشنِ ریختہ کا دسویں ایڈیشن اس برس نئی دہلی کے بانسیرا پارک میں 5، 6 اور 7 دسمبر کو شاندار انداز میں منعقد ہو گا۔ ریختہ فاؤنڈیشن نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (DDA) کے اشتراک سے اس تین روزہ عالمی تہوار کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس میں دنیا بھر سے ادیب، شاعر، فن کار اور ادب نواز شرکت کریں گے۔
اس سال کے جشن میں 300 سے زائد فن کار، 35 سے زیادہ سیشنز اور پانچ خصوصی اسٹیجز،محفل خانہ، دیارِ اظہار، سخن زار، بزمِ خیال اور ایوانِ ذائقہ،پر مختلف نوعیت کے ادبی، شعری، موسیقی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
بانی ریختہ کی گفتگو ریختہ فاؤنڈیشن کے بانی:سنجیو سراف نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں جشنِ ریختہ عوام کا تہوار بن چکا ہے۔ اردو کو چاہنے والوں کی بے پناہ محبت نے اسے عالمی سطح پر وہ شناخت دی ہے جہاں یہ صرف بڑا نہیں ہوا بلکہ اپنے روحانی، تہذیبی اور فکری اثر میں بھی کئی گنا بڑھا ہے۔ اردو آج بھی لاکھوں دلوں میں پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ ہے۔
جشنِ ریختہ 2025 کی اہم جھلکیاں:تین روزہ جشن میں اردو کی شعری لطافت اور تہذیبی نزاکت کو اجاگر کرنے والے خصوصی پروگرام شامل ہوں گے، جن میں قابلِ ذکر ہیں۔
مہکتی خوشبو کا سفر۔گلزار اور دیویا دت کے درمیان محبت، جدائی اور زندگی کے شعری فلسفے پر گفتگو:رنگِ موسیقی۔سکھ وندر سنگھ کا خصوصی کنسرٹ،ساز اور سما،سلیم،سلیمان کی دلکش موسیقی،دل ابھی بھرا نہیں۔ساحر لدھیانوی کو خراجِ عقیدت (جاوید اختر، شنکر مہادیون اور پرتِبھا سنگھ باگھیل کے ساتھ)
The Orchestral Qawwali Project—رُشِل رنجن اور عابی سمپا کے عالمی شہرت یافتہ پروجیکٹ کی بھارت میں پہلی پیشکش
رنگ اور نور۔ہما خلیل کا اردو شاعری اور سنیما پر مبنی خصوصی میوزیکل ڈراما:مشاعرۂ ریختہ اور روحِ مجروح،دنیا بھر کے ممتاز شعراء و نغمہ نگاروں کی شرکت،اس کے علاوہ ایوانِ ذائقہ میں مختلف خطوں کے لذیذ پکوان، ریختہ بک بازار میں نایاب و کلاسیکی کتابیں، اور ریختہ بازار میں روایتی دستکاری کے اسٹال شائقین کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔
ریختہ پویلین میں: اردوسیکھنے کے جدید ٹولز، ڈیجیٹل وسائل اور انٹرایکٹو سرگرمیاں بھی پیش کی جائیں گی، جبکہ ہر شام بانسیرا پارک اور دریائے یمنا کے سنگم پر شاندار لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا اہتمام کیا جائے گا، جو شاعری، موسیقی اور روشنیوں کا دلکش امتزاج پیش کرے گا۔
ہما خلیل کا بیان:ریختہ فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی اور کریئیٹو ڈائریکٹر ہما خلیل نے کہا دس برسوں میں جشنِ ریختہ اردو کی مکمل شان و شوکت کا جشن بن کر ابھرا ہے۔ شاعری، موسیقی، زبان، تہذیب اور فنونِ لطیفہ کے ہر رنگ کو اس پلیٹ فارم نے ایک نئی زندگی دی ہے۔ اس کے ساتھ یہ جشن ریختہ فاؤنڈیشن کے سال بھر جاری رہنے والے علمی و ادبی کاموں کا عکاس بھی ہے۔کتابوں کی اشاعت، Rekhta.org کا علمی ذخیرہ، تعلیمی سرگرمیاں، آڈیو ویژول مواد، اردو مخطوطات کی ڈیجیٹائزیشن اور صوفی ورثے کا تحفظ۔
بین الاقوامی توسیع۔ دبئی ایڈیشن 2026:ریختہ فاؤنڈیشن نے اس موقع پر اعلان کیا کہ دو کامیاب بین الاقوامی ایڈیشنز کے بعد اب جشنِ ریختہ دبئی 2026 بھی 14 اور 15 فروری کو منعقد کیا جائے گا۔
2015 میں ایک محدود کاوش سے شروع ہونے والا یہ جشن آج دنیا کی سب سے بڑی اردو عالمی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو پچھلے دس برسوں میں لاکھوں سامعین اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتا آ رہا ہے۔











