*حمد*
جو دیا اس نے ہی دیا سب کچھ
دست رب میں فنا بقا سب کچھ
وقف حمد و ثنا اسی کے نام
جود بخشش سخا عطا سب کچھ
ہے جہاں سر کن فکاں میں نہاں
“كُنْ کہا اس نے ہو گیا سب کچھ”
روز اول بھی روز آخر بھی
ہے وہ آغاز انتہا سب کچھ
اور کوئی نہیں سوا تیرے
تو ہی مالک تری عطا سب کچھ
فرش سے عرش مملکت تیری
خاک پانی شرر ہوا سب کچھ
مجھ کو بخشا ہے نطق کا اعجاز
میں ہوں نازاں مرا خدا سب کچھ
*ڈاکٹر شمع ناسمین نازاں*
پھلواری شریف پٹنہ
Post Views: 19










