*شاعری کی دنیا میں چمکا نام: صبا عزیز “بھارت رتن ایوارڈ” سے سرفراز*
*باوقار تقریب میں ادبی خدمات کے اعتراف پر اعزاز، ممتاز شخصیات کے ہاتھوں ایوارڈ پیش*
لکھنٶ(ابوشحمہ انصاری)ادبی دنیا کے لیے وہ لمحہ باعثِ فخر بن گیا جب معروف و ممتاز شاعرہ صبا عزیز کو فیس گروپ کے چیئرمین مشتاق انصاری کی جانب سے منعقدہ ایک باوقار تقریب میں “بھارت رتن ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں شاعری کے میدان میں نمایاں خدمات اور گراں قدر ادبی سرمایہ پیش کرنے پر عطا کیا گیا۔
یہ معتبر ایوارڈ ہندوستان کے معروف شاعر پاپولر میرٹھی، محمد طاہر صدیقی (صدر، سرو سماج راشٹریہ مہاسنگھ) اور سید کاشف علی نظامی (انچارج، درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء) کے مبارک ہاتھوں سے پیش کیا گیا۔
تقریب میں موجود ادبی، سماجی اور ثقافتی شخصیات نے صبا عزیز کی شاعری کو بے حد سراہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ادبی حلقوں بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ ترغیب ثابت ہوئی۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد محترمہ صبا عزیز نے نہایت جذباتی اور پُراثر الفاظ میں کہا میں دل کی گہرائیوں سے فیس گروپ اور اس کے چیئرمین مشتاق انصاری کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اس قابل سمجھا۔ یہ ایوارڈ صرف میرا نہیں بلکہ اُن تمام لوگوں کا ہے جو ادب اور شاعری سے محبت کرتے ہیں۔ میں آئندہ بھی اپنے کلام کے ذریعے معاشرے میں محبت، امن اور انسانیت کا پیغام عام کرتی رہوں گی۔
انہوں نے ایوارڈ پیش کرنے والی معزز شخصیات پاپولر میرٹھی، محمد طاہر صدیقی اور سید کاشف علی نظامی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔










