*وطن کے جاں نثار ہیں، وطن کے کام آئیں گے*
*ہم اس زمیں کو ایک روز آسماں بنائیں گے*

*لکھنٶ* (ابوشحمہ انصاری)ینگ مائنڈ ایجوکیشن اسکول، راجاپور پریاگ راج میں ضیائے حق فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام 26 جنوری کو یومِ جمہوریہ کی تقریب نہایت جوش و خروش، قومی جذبے اور شایانِ شان انداز میں منائی گئی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا اور پورا کیمپس حب الوطنی کے نعروں اور قومی ترانوں سے گونج اٹھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی عادل حمزہ، نائب صدر، الہ آباد یونیورسٹی و نوجوان رہنما تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کر کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کو آئینِ ہند کی قدروں، قومی یکجہتی اور تعلیم کی اہمیت سے روشناس کرایا۔
خصوصی مہمان کی حیثیت سے پارشد احمد علی بھی موجود رہے۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ملک، سماج اور تعلیم کے تئیں بیدار اور ذمہ دار ہونا چاہیے، کیونکہ ایک باخبر اور تعلیم یافتہ نسل ہی مضبوط بھارت کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اسکول کے ڈائریکٹر محمد اسامہ نے کہا یومِ جمہوریہ ہمیں اپنے آئین، اپنے حقوق اور اپنے فرائض کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم تعلیم کے ذریعے ایک مضبوط اور باوقار بھارت کی تعمیر کریں۔
اسکول کے پرنسپل محمد وقار نے اپنے خطاب میں کہا 26 جنوری صرف ایک تہوار نہیں بلکہ یہ ہمیں نظم، اتحاد اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ ہمارے طلبہ ہی ملک کا روشن مستقبل ہیں۔
وہیں اسکول کے مینیجر محمد ہاشم نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ہم بچوں کو نہ صرف معیاری تعلیم دیں بلکہ انہیں اچھا شہری بھی بنائیں، تاکہ وہ ملک اور قوم کا نام روشن کر سکیں۔
اس موقع پر ضیائے حق فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر صالحہ صدیقی اور بھارتی فضائیہ سے وابستہ عبداللہ سر نے بھی طلبہ کو خصوصی رہنمائی فراہم کی۔
ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا طلبہ کسی بھی قوم کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔ اگر آپ آج محنت، ایمانداری اور نظم و ضبط کو اپنا لیں، تو کل آپ نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے ملک کا نام روشن کریں گے۔ یومِ جمہوریہ ہمیں سچائی اور ذمہ داری کے راستے پر چلنے کی تلقین کرتا ہے۔
بھارتی فضائیہ سے وابستہ عبداللہ سر نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ملک کی خدمت صرف وردی پہن کر ہی نہیں ہوتی، بلکہ ایمانداری سے تعلیم حاصل کرنا اور ایک ذمہ دار شہری بننا بھی قوم کی بڑی خدمت ہے۔ نظم و ضبط، حوصلہ اور قربانی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
تقریب کے دوران طلبہ نے یوگ کی نمائش، رقص، نظم خوانی، موسیقی، قومی گیت اور ڈرامے پیش کر کے حب الوطنی کے جذبے کو زندہ کیا اور قوم کے تئیں اپنے احترام کا عملی اظہار کیا۔ پروگرام میں طلبہ، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے یہ تقریب نہایت کامیاب، متاثر کن اور یادگار ثابت ہوئی۔





















