نہ دولت میں نہ شہرت میں تجارت بادشاہت میں
بڑا وہ ہے بڑا ہو جو طہارت میں شرافت میں
*ادبی کینوس کے زیرِ اہتمام ماہانہ طرحی مشاعرہ منعقد*
بارہ بنکی۔ (ابوشحمہ انصاری) شہر کے محلہ پیر بٹاون نزد جلیل ہوٹل واقع مدر حلیمہ پبلک اسکول میں بزم ادبی کینوس کے زیرِ اہتمام ماہانہ طرحی مشاعرہ منعقد ہوا۔
جِس کی صدارت بزم کے صدر ضیا الدین(ماڈرن شوز) نے کی۔مہمانانِ خصوصی کے طور پر شہیب کوثر ردولوی اور ماسٹر عدیل منصوری کی خاص موجودگی رہی۔
مہمان ذی وقار کی حیثیت سے ردولی سے تشریف لائے ماسٹر محمد علیم ردولوی موجود رہے۔
منعقد مشاعرے میں شاعروں نے اپنی بہترین غزلیں پیش کی۔
پسند کیے جانے والے اشعار آپ کی خدمت میں پیش ہیں۔
مری یہ زندگی کٹ جائے یا رب تیری مدحت میں
عبادت میں ریاضت میں تلاوت میں طہارت میں
شہیب کوثر ردولوی
حقیقت میں اگر کچھ لطف لینا ہے عبادت میں
مدد جا کر کرو اُن کی جنہیں دیکھو مصیبت میں
محسن قدوائی
نہیں محفوظ ہے کوئی بھی حاکم کی حفاظت میں
چلی جاتی ہیں اب معصوم جانے بھی حراست میں
عدیل منصوری
کہیں بھرتا ہے کوئی زخم یارو تیر و نشتر سے
چھپا ہوتا ہے ہر مرہم محبت میں اخوت میں
ماسٹر علیم ردولوی
بہت کُچھ ہم نے سیکھا ہے بڑوں سے یہ بھی سیکھا ہے چلے جاتے ہیں ہم دشمن کے گھر اُس کی عیادت میں
ماسٹر عرفان بارہ بنکوی
نہ دولت میں نہ شہرت میں تجارت،بادشاہت میں
بڑا وہ ہے بڑا ہو جو طہارت میں شرافت میں
ڈاکٹر ریحان علوی
اُسے اب دِل کی آنکھوں سے مُجھے پڑھ کر سمجھنا ہے
لکھا کُچھ بھی نہیں اُس نے مُجھے بھیجے ہوئے خط میں
آدرش بارہ بنکوی
مُجھے معلوم تھا ہر حال میں مُجھ کو سزا ہوگی
دلیلیں کیا میں لے جاتا تعصب کی عدالت میں
مسٹر امیٹھوی
اِن کے علاوہ آدرش بارہ بنکوی، نفیس احمد پوری، ڈاکٹر خالد، قاری مقبول احمد، افضال الرحمن اور اریبہ خاتون وغیرہ نے بھی اپنے کلام پیش کیے۔
مشاعرے میں شامل ہونے والے شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی۔ جس میں بزم ادبی کینوس کے نائب صدر شمیم انصاری زید پوری، مدر حلیمہ پبلک اسکول کے مینیجر مولانا سلیم اللہ قاسمی،حافظ ذبیح اللہ، اقبال قریشی،شرافت حسین وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں ۔
مشاعرے کے اختتام پر بزم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ریحان علوی اور مدر حلیمہ پبلک اسکول کے مینیجر مولانا سلیم اللہ نے سبھی شعرائے کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
بزم کے صدر ضیا الدین نے کہا کہ آپ لوگوں کی قیمتی موجودگی نے آج کے اِس مشاعرے کو کافی کامیاب بنادیا۔اُنہوں نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد ہی ایک بڑے مشاعرے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔










