عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر مغربی بنگال اردو اکاڈمی آسنسول شاخ کی کثیر المقاصد عمارت میں ایک ادبی پروگرام کا انعقاد ہوا۔اکاڈمی کے گورننگ باڈی کے ممبر محترم شکیل انور اور جی سی ممبر کہکشاں ریاض خوشی کی دعوت پر شہر آسنسول و اطراف کے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے معلم و معلمات کے ساتھ محبان اردو کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔علاوہ ازیں کالج و یونیورسٹی کے طلبا و طالبات بھی موجود رہے۔پروگرام کا باضابطہ آغاز محترم شکیل انور صاحب نے کیا۔نظامت کی ذمہ داری جواں سال نقیب ،صحافی و معلم امتیاز احمد انصاری نے اپنے منفرد لب و لہجہ میں کیا جبکہ صدارت کی ذمہ داری اخبار مشرق کے صحافی و قلم کار ریاض اتکلی نے اپنے مضبوط کاندھوں پر اٹھائی۔غزل سنگر محمد حفیظ نے اردو کی ایک خوبصورت نظم کے ساتھ پروگرام کو آگے کی جانب بڑھایا۔حاجی قدم رسول ہائی اسکول کے اردو کے معلم علی انصاری نے آج کے دن کی نسبت سے کارآمد باتیں سامعین کے گوش گذار کیں۔ باری باری سے ڈاکٹر شگوفہ تمنا، ڈاکٹر صوفیہ محمود، ریسرچ اسکالر انجم پروین،ڈاکٹر فاروق اعظم ،رب نواز صارم،ماسٹر محمد سلیمان اور محمد گلزار عالم نے مادری زبان کی بقا اور ترقی و ترویج کے سلسلے سے حاصل سیر گفتگو کی۔ سبکدوش معلم رب نواز صارم نے دوران گفتگو اردو سے متعلق 2 افسانچہ “شفا بخش” اور “والہانہ انداز ” پیش کرکے خوب داد و تحسین حاصل کی۔تمام مقررین نے اپنی قیمتی آراء سے نوازا۔اکاڈمی کے اسٹاف محمد گلزار عالم نے بھی اردو کے کاج کے سلسلے سے چند تجاویز اہل محفل کے سامنے پیش کر کے اکاڈمی کے ذمہ داران کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کی کوشش کی۔ نقیب محترم نے دوران نقابت ایک خوبصورت بات کہی کہ آج عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر ہم سب یہ عہد کریں کہ جب بھی ہم اکاڈمی کی اس عمارت میں تشریف لائیں تو ویزیٹرس رجسٹر میں اپنا نام و پتہ و دیگر تفصیلات اردو میں درج کریں۔حاضرین کو انکی تجویز از حد پسند آئی اور خوب سراہا۔ “رنگ خورشید” کے خالق خورشید ادیب نے اپنی مترنم آواز میں ایک خوبصورت غزل پیش کر کے پروگرام کا مزہ دو بالا کردیا۔صدر محفل ریاض اتکلی صاحب نے صدراتی خطبہ میں کہا کہ فیس بک و دیگر سوشل میڈیا پر اپنی راۓ دینے سے قدرے بہتر ہے کہ آپ محبان اردو اکاڈمی کی عمارت میں تشریف لائیں اور یہاں کے ذمہ داران کو اپنی تجاویز اور نیک مشوروں سے نوازیں۔کہکشاں ریاض خوشی کے اظہار تشکر کے ساتھ آج کی تقریب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکاء میں سردار رب نواز صارم ،خورشید ادیب،ڈاکٹر محمد فاروق اعظم ،ماسٹر محمد سلیمان،ریاض اتکلی، امتیاز احمد انصاری، محمد علی انصاری ، عنبری ارمان،ام حبیبہ، ترانہ بانو، سید میر مختار، محمد آصف خان، ڈاکٹر شگوفہ تمنا، انجم پروین، ڈاکٹر صوفیہ محمود، ڈاکٹر محمد اصغر انصاری، محمد شکیل احمد، محمد امان اللہ خان، محمد امتیاز کے علاوہ اکاڈمی کے اسٹاف محمد سیف، ناز پروین اور نگار سلطانہ موجود رہے۔
