پانچویں عالمی اردو۔ہندی کانفرنس کے سلسلے میں اہم میٹنگ منعقد*
*ایرا یونیورسٹی، لکھنؤ یونیورسٹی اور مولانا آزاد کالج ، محمودآباد کے مشترکہ تعاون سے ہوگی*
لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری) پانچویں عالمی اردو۔ہندی کانفرنس کی حتمی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ آج سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور پانچویں عالمی اردو۔ہندی کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر عمار رضوی کی زیرِ صدارت ان کی رہائش گاہ دارالامان، علی گنج، لکھنؤ میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا آغاز شرکاء کے گرم جوش استقبال سے ہوا۔
ڈاکٹر رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنس کی پہلی چار نشستیں اردو کے عالمی وقار میں اضافہ کرنے اور اس کے فکری و ادبی افق کو وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ اردو اور ہندی صرف زبانیں نہیں بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب، ثقافتی ورثے اور صدیوں پر محیط ہم آہنگی کی زندہ علامتیں ہیں۔ ان زبانوں کا فروغ ہندوستانی معاشرت میں باہمی احترام، اتحاد اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
میٹنگ میں کانفرنس کے آئندہ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ افتتاحی اجلاس 30 نومبر, 2025 کو ایرا میڈیکل یونیورسٹی, لکھنؤ میں منعقد ہوگا، جب کہ 2 دسمبر، 2025 کو لکھنؤ یونیورسٹی میں علمی سطح کے سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سیمینار میں اردو زبان و ادب کے فروغ، تاریخی خدمات اور موجودہ دور کے چیلنجز پر مقالات پیش کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سنجیو صراف کی ڈیجٹائزیشن خدمات، پنڈت رتن ناتھ سرشار کا ادبی ورثہ، منشی نول کشور کی طباعتی و ادبی خدمات کے ساتھ ساتھ کیفی اعظمی اور جاں نثار اختر کی فکری و تخلیقی خدمات کو بھی نمایاں طور پر اجاگر کیا جائے گا۔
اسی سلسلے میں ایک آل انڈیا مشاعرہ دسمبر کے اوائل میں ہی مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ہیومینٹیز، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، محمود آباد میں منعقد ہوگا۔
میٹنگ میں طے پایا کہ کانفرنس کی سوینئر (یادگاریہ) کی ادارت آصف زماں رضوی کے سپرد ہوگی، جبکہ علمی مقالات کی ترتیب و اشاعت کی ذمہ داری ڈاکٹر موسی رضا انجام دیں گے۔ مشاعرہ کے انتظام و انصرام کی نگرانی ڈاکٹر منتظر قائمی کریں گے، اور میڈیا و نشریاتی امور کی ذمہ داری جمیل حسن نقوی اور ابوشحمہ انصاری کو سونپی گئی۔
کانفرنس کے منظم اور مؤثر انعقاد کے لیے پانچ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جن میں افتتاحی اجلاس کمیٹی، علمی سیمینار کمیٹی، مشاعرہ کمیٹی، ثقافتی پروگرام کمیٹی اور میڈیا رابطہ کمیٹی شامل ہیں۔ ہر کمیٹی کے لیے ذمہ داران مقرر کیے گئے تاکہ تمام انتظامات مستحکم طریقے سے انجام پاسکیں۔
میٹنگ میں متعدد ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں پروفیسر خان محمد، ڈاکٹر ہارون رضوی، پروفیسر خان محمد عاطف، پروفیسر عباس رضا نیر، ڈاکٹر منتظر قائمی، ڈاکٹر ریشماں پروین، ڈاکٹر موسیٰ رضا، مرزا اسلم بیگ، مرزا فرقان بیگ، جامی مرزا، عتیق احمد انصاری، جمیل حسن نقوی، شہاب الدین خان، روی پرکاش یادو، ابوشحمہ انصاری اور دیگر معززین شامل تھے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی عالمی کانفرنسیں زبانوں اور تہذیب کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کانفرنس ڈاکٹر عمار رضوی نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میٹنگ آئندہ پروگرام کی کامیابی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ پانچویں بین الاقوامی اردو۔ہندی عالمی کانفرنس ہندوستانی زبانوں کے علمی و تہذیبی وقار کو عالمی سطح پر مزید بلند کرے گی۔











