*کہنہ مشق شاعراحمد کمال حشمی کے اعزاز میں غزالہ تبسم نے سجائی شعرو ادب کی مجلس*
*امتیاز احمد انصاری*
بھائی چارے کا شہر آسنسول کے برنپور حمید نگر باشندہ و شاعرہ اورشعری مجموعہ “مشک غزال” کی تخلیق کار غزالہ تبسم نے شہر نشاط کولکاتہ کے معروف استاد شاعر،کئی شعری مجموعہ کے خالق اور سابق ڈبلیو بی سی ایس آفیسر احمد کمال حشمی کی آسنسول آمد پر ان کے اعزاز میں اتوار کی شام اپنے دولت کدے پر ایک شعری نشست کا انعقاد کیا۔اس نشست میں کولکاتہ کے علاؤہ آسنسول،برنپور اور کلٹی کے نمائندہ شعراء وشاعرات کی شرکت ہوئی۔نشست کی صدارت صاحب دیوان شاعر معراج احمد معراج نے کی جبکہ نظامت کی ذمہ داری شاذیہ نیازی نبھائی۔ رسمی گفتگو اور شرکاء بزم کے مختصر تعارف کے بعد باری باری شعراء کو دعوت کلام دیا گیا.کلٹی کے جوان العمر شاعر اکرام الحسن نے اپنی تخلیقات کے ذریعہ اپنی موجودگی درج کرا ئی۔شعری مجموعہ “ماضی کے خواب ” کے شاعر اظہر عارف نے اپنے روایتی تیور بھرے لہجے میں غزلیں پیش کرکے ڈھیروں داد بٹورے۔سرزمین آسنسول کی مشہور ادبی شخصیت،رنگ خورشید کے خالق اور حلقہ اردو ادب کے روح رواں خورشید ادیب نے بھی تحت اور ترنم میں اپنی غزلوں سے محفل کے وقار میں اضافہ کیا۔بعد ازاں میزبان شاعرہ غزالہ تبسم نے اپنی خوبصورت غزلوں سے محفل کے حسن کو نکھارا۔ نسائی شاعری کی مضبوط شناخت رکھنے والی معروف شاعرہ اور شعری مجموعہ “لفظوں کی سازش” کی شاعرہ اور “تجھے کیا پتہ ” کی مرتبہ شاذیہ نیازی نے اپنی شاعری کے جوہر دکھاتے ہوئے خوبصورت غزل سامعین کی نذر کئے۔صاحب اعزاز مہمان شاعر احمد کمال حشمی نے دل کھول کر غزلیں پڑھیں اور سامعین نے بھی اسی انداز میں داد وتحسین سے نوازہ۔ صدر مجلس معراج احمد معراج نے اس طرح کی نشستوں کی اہمیت وافادیت بیان کرتے ہوئےنشست کے میزبان کو مبارکباد پیش کیا اور سامعین کے اصرار پر غزلوں سے سامعین کی تواضع کی۔ ماسٹر نیراقبال نے تمام مہمانوں کاپرتپاک استقبال کرنے کے ساتھ اظہار تشکر بھی پیش کیا۔نشست کااختتام پرتکلف عشائیہ پر ہوا۔










