Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*آسنسول، درگاپور اور دھنباد کی عدالتوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، تلاشی کے باوجود کچھ برآمد نہیں*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

مغربی بنگال کے صنعتی علاقے آسنسول اور درگاپور کی عدالتوں میں بم کی دھمکی کے سبب مسلسل دوسرے دن بھی خوف و ہراس کا ماحول برقرار رہا۔ منگل کے بعد بدھ کو بھی آسنسول ڈسٹرکٹ کورٹ کو ایک اور دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس کے بعد عدالت میں ہلچل مچ گئی۔
اطلاعات کے مطابق منگل کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میل تمل ناڈو سے بھیجی گئی تھی، جبکہ بدھ کی صبح تقریباً گیارہ بجے ایک اور ای میل کوئمبتور سے بھیجی گئی۔ اس ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ نماز کے بعد ضلع جج عمارت میں رکھے گئے آر ڈی ایکس بم کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔
مغربی بردوان ضلع عدالت کے چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر بھرت داس کے مطابق ای میل بنگلہ اور انگریزی دونوں زبانوں میں لکھی گئی تھی۔ انہوں نے فوراً اس معاملے کی اطلاع آسنسول درگاپور پولیس کمشنریٹ کو دے دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آ گئی۔ پولیس کے ڈپٹی کمشنر (سنٹرل) دھرو داس کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار، بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ عدالت پہنچ گئے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر پورے عدالت احاطے کو خالی کرا لیا گیا اور وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ اس دوران اسنیفر ڈاگ اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے پورے علاقے کی باریکی سے جانچ کی گئی، تاہم طویل تلاشی کے باوجود کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ اس واقعہ کے باعث منگل کی طرح بدھ کو بھی آسنسول ضلع عدالت کی معمول کی کارروائیاں متاثر رہیں۔ دوسری جانب دھنباد کی عدالت میں بھی اسی طرح کی بم دھمکی کے بعد خوف کا ماحول پیدا ہو گیا۔ دھنباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پربھات کمار کو ای میل کے ذریعے یہ دھمکی بھیجی گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی عدالت کی عمارت کو خالی کرا لیا گیا اور لوگ باہر سڑک پر آ گئے۔ بعد ازاں بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر تلاشی مہم چلائی۔ پولیس کے مطابق اب تک کسی بھی عدالت سے کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی ہے، تاہم دھمکی آمیز ای میل کے ماخذ اور اس کے پیچھے موجود عناصر کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔