آسنسول کے کالی پہاڑی کے کُرتیا پاڑا علاقے میں جمعہ کی صبح سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا۔ مقامی باشندوں نے جنگل میں کُتوں کے غول کو دیکھ کر پہلے تو زیادہ توجہ نہیں دی، لیکن کچھ دیر بعد تیز بدبو پھیلنے پر وہ جنگل کی طرف گئے۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے ایک کم سن بچے کی لاش دیکھی۔
فوراً اطلاع آسنسول دکشن تھانے کی پولیس کو دی گئی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے آسنسول ضلع اسپتال روانہ کیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق بچے کی عمر تقریباً ایک سال کے آس پاس بتائی جا رہی ہے۔ لاش بری طرح مسخ ہو چکی ہے اور بچے کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی بچے کی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی اور مقام سے لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر یہاں پھینکا گیا ہے۔ اس پورے معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔








