آسنسول شمالی تھانہ علاقے کے تحت قومی شاہراہ نمبر 19 پر جمعہ کے روز ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ متوفی کی شناخت وکاس تھنڈار کے طور پر کی گئی ہے، وہ کام سے واپس اپنے گھر لوٹ رہا تھا۔ یہ حادثہ شیتلا موڑ کے قریب اس وقت پیش آیا جب وکاس تھنڈار سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے اسے اپنی زد میں لے لیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کی خبر پھیلتے ہی مقامی دیہاتیوں میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ متوفی کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے مطالبے پر مشتعل افراد نے قومی شاہراہ کو جام کر دیا اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور آمد و رفت مکمل طور پر متاثر ہو گئی۔ مقامی باشندوں نے الزام عائد کیا کہ شیتلا موڑ کے پاس ٹریفک نظام انتہائی ناقص ہے، جس کی وجہ سے آئے دن حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود رفتار پر قابو پانے اور حفاظتی انتظامات کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو سمجھا بجھا کر سڑک جام ختم کرانے کی کوشش شروع کی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔









