آسنسول کے مرکزی ڈاک گھر کے احاطے میں واقع پاسپورٹ سیوا کیندر کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد شہر میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ محض چوبیس گھنٹوں کے اندر یہ دوسری مرتبہ ہے جب دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس کے بعد سکیورٹی انتظامات اور سائبر نگرانی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق نامعلوم شرارتی عناصر نے ای میل کے ذریعے دفتر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے کبھی عدالت اور کبھی ڈاک گھر و پاسپورٹ دفاتر کو نشانہ بنا کر اس طرح کے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جا رہے ہیں، جس سے ملازمین اور مقامی باشندوں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ فوراً حرکت میں آ گئی اور مرکزی ڈاک گھر اور پاسپورٹ دفتر کے پورے احاطے کو سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا۔ مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور علاقے میں تلاشی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ پولیس تکنیکی جانچ کے ذریعے ای میل کے ماخذ اور آئی پی ایڈریس کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مرکزی اور ریاستی خفیہ ایجنسیاں بھی سرگرم ہو گئی ہیں اور سائبر ماہرین کی مدد سے دھمکی دینے والوں تک پہنچنے کی کوشش تیز کر دی گئی ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ جاری ہے، تاہم مسلسل ملنے والی دھمکیوں نے شہر میں سکیورٹی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔







