آسنسول میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 25 کے کانگریس کونسلر ایس ایم مصطفیٰ کو ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) سے متعلق سماعت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ اتوار کے روز وہ باجا بجاتے ہوئے آسنسول کے این سی لاہری ہائی اسکول میں واقع سماعت مرکز پر پہنچے، جس سے پورے علاقے میں تجسس اور چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔
باجا کے ساتھ کونسلر کی اس انوکھی آمد کو کئی لوگ سیاسی احتجاج کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ سماعت مرکز میں داخل ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کونسلر ایس ایم مصطفیٰ نے کہا،
“میونسپل انتخابات میں عوام کے ووٹ سے جیت کر میں کونسلر بنا ہوں، اس کے باوجود مجھے ایس آئی آر سماعت کے لیے کیوں بلایا گیا، یہی میرا سوال ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ایک منتخب عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود اس طرح سماعت کے لیے طلب کیا جانا انہیں توہین آمیز اور غیر ضروری محسوس ہوتا ہے۔










