آسنسول کارپوریشن کا 34 واں ماہانہ بورڈ میٹنگ سوموار کے دن سیاحتی مرکز میتھن کے کلیانیشوری میں واقع کارپوریشن کے گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں کارپوریشن علاقہ کے اہم مسائل پر گفت و شنید ہوئی ۔سب سے اہم مسئلہ پانی کے سلسلے میں چیرمین امر ناتھ چٹرجی نے کہا کہ ڈی وی سی کے ذریعہ کم مقدار میں پانی چھوڑنے کے سبب پانی کی قلت ہورہی ہے۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ڈی وی سی اس کے لیے ذمہ دار ہے۔پانی کی کمی و قلت سے نبٹنے اور وافر مقدار میں پانی کی فراہمی کے لیے تمام کاؤنسلر سے مشترکہ و متحدہ قدم اٹھانے کی اپیل کی گئی ۔شہر کو ٹرافک جام کی مصیبت سے نجات دلانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ مئیر ان کاؤنسل گروداس چٹرجی نے بتایا کہ آسنسول شہر کو ٹرافک جام سے پاک کرنے کے لیے لمبی مسافت والی ٹرینوں کے ڈپو کو شہر سے دور دوسری جگہ منتقل کیا جاءے گا۔ایسا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔اس منصوبہ کے تحت وولوو بسوں کو بھی شہر سے باہر لے جانے کی کوشش شامل ہے۔ ہاٹن روڈ کو جام کی مصیبت سے نجات دلانے اور خوبصورت بنانے کے لیے خصوصی طور پرڈرین و دیگر بنیادی چیزوں کے سدھار کے منصوبہ پر غور و خوض کیا گیا۔غور طلب ہے کہ جس عمارت میں کارپوریشن کی بورڈ میٹنگ ہوئی وہ کارپوریشن کے ذریعہ نو تعمیر گیسٹ ہاؤس ہے جو گزشتہ چند ماہ قبل ہی مکمل ہونی ہے۔ایم ایم آئی سی نے بتایا کہ گیسٹ ہاؤس کی تکمیل کے بعد اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔گیسٹ ہاؤس شادی و دیگر تقریبات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔بورڈ میٹنگ میں کانسلر کے علاقائی مسئلے بھی سنے گئے اور اسے کے تدراک کی راہ نکالنے پر بھی زور دیا گیا۔شہر کی ترقیاتی کاموں پر بھی بات چیت ہوئی ۔شہریوں کو بنیادی بلدیاتی سہولیات مزید بہتر طور پر مہیا کرانے کی بھی بات کہی گئی ۔
















