بالاسور 25 جون: بالاسور میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 21 گوڑیپدا کے شوبرام پور علاقے میں لگاتار بارش کے باعث ٹی پی این او ڈی ایل کے دفتر کی عقبی دیوار گر گئی۔ اس حادثے میں علاقے کے رہائشی،آنجہانی کالیا ٹوڈو کے بیٹے پیشے سے مستری، 43 سالہ سدانند ٹوڈو دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے بعد گاؤں میں زبردست کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل گاؤں والوں نے لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور دفتر پر پتھراؤ کیا، ساتھ ہی ٹی پی این او ڈی ایل کے آفس میں گھسنے کی کوشش بھی کی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے سرکاری حکام موقع پر پہنچے، جن میں سرکاری پارٹی کے ڈپٹی چیف وِپ و ریمونا کے ایم ایل اے گووند چندر داس، صدر ایم ایل اے مانس کمار داتا، میونسپل چیئرپرسن سَبیتا ساہو، مقامی کونسلر چترنجن پنڈا، سہدیو کھنٹا اور ٹاؤن تھانے کے افسران پہنچے اور حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے مشتعل لوگوں کو سمجھا کر حالات کو پرامن بنایا۔بعد ازاں، ٹی پی این او ڈی ایل کے حکام کی جانب سے مرنے والے کی بیوی کو تعلیمی قابلیت کے مطابق نوکری دینے اور 7 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی پر گاؤں والوں نے احتجاج ختم کر کے لاش کو سڑک سے ہٹایا.
بالاسورسے عظیم بالیسری کی رپورٹ