آسنسول میونسپل کارپوریشن کے وارڈ کونسلر اشوک رودرا کی قیادت میں ترنمول کانگریس کونسلروں کے ایک وفد نے سیل۔ آئی ایس پی برن پور سے منسلک متعدد سماجی اور مزدور مفادات کے مسائل کو لے کر ڈائریکٹر اِن چارج کو ایک تحریری میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں ٹھیکہ مزدوروں، مقامی بے روزگار نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور برسوں سے روزگار سے وابستہ چھوٹے کاروباریوں کے مسائل کو نمایاں طور پر اٹھایا گیا۔ میمورنڈم میں بتایا گیا کہ سیل۔ آئی ایس پی کے تحت چلنے والے پانچ اسکولوں میں موجودہ تعلیمی سیشن کے لیے داخلہ عمل بند کر دیا گیا ہے، جو انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے۔ اشوک رودرا نے مطالبہ کیا کہ داخلہ کا عمل فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے، کیونکہ ان اسکولوں میں زیرِ تعلیم بیشتر بچے ٹھیکہ مزدوروں اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن کے لیے یہ ادارے تعلیم کا واحد قابلِ رسائی ذریعہ ہیں۔
میمورنڈم میں سیل ۔ آئی ایس پی کے اسکولوں کی ممکنہ نجکاری پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ کونسلر کا کہنا ہے کہ نجکاری کی صورت میں غریب اور مزدور طبقے کے لیے بھاری فیس ادا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجکاری کے فیصلے کو منسوخ کیا جائے یا ایسا متبادل انتظام کیا جائے جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
وفد نے سیل ۔ آئی ایس پی کے جدیدکاری اور توسیعی منصوبوں کے دوران مقامی بے روزگار نوجوانوں کو ٹھیکہ مزدور کے طور پر روزگار دینے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے نوجوان طویل عرصے سے روزگار کے منتظر ہیں اور انہیں ترجیح دی جانی چاہیے۔ میمورنڈم میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ آئی ایس پی کے ٹھیکہ مزدوروں کی اجرت کا ڈھانچہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی کے ٹھیکہ مزدوروں کے مقابلے میں کم ہے، جبکہ وہاں مزدوری کہیں زیادہ دی جا رہی ہے۔ اس لیے اجرت کے ڈھانچے میں ترمیم کر کے برابری قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اشوک رودرا نے کہا کہ جدیدکاری کے عمل کے دوران ان چھوٹے دکانداروں اور فٹ پاتھ فروشوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کا رویہ اپنایا جائے، جو گزشتہ 30 تا 40 برسوں سے اس علاقے میں اپنا روزگار چلا رہے ہیں۔ بغیر بازآبادکاری کے بے دخلی سے کئی خاندانوں کی روزی روٹی ختم ہو جائے گی، اس لیے پہلے مناسب بازآبادکاری اور پھر کسی بھی فیصلے پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی۔ میمورنڈم کے اختتام پر سیل ۔ آئی ایس پی انتظامیہ سے تمام مسائل پر ہمدردانہ غور و فکر کرتے ہوئے مناسب مداخلت کی درخواست کی گئی ہے۔ سیل ۔ آئی ایس پی برن پور انتظامیہ نے میمورنڈم وصول کر لیا ہے، اور نمائندہ وفد نے مثبت اقدام کی امید ظاہر کی ہے۔










