بُردوان: بُردوان تھانے کی پولیس نے جمعہ کی رات ایک مشتبہ نوجوان کو دیسی پائپ گن اور ایک راؤنڈ کارتوس کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، یہ گرفتاری بُردوان شہر کے گوَدا علاقے میں ایک زیر تعمیر مکان کے قریب عمل میں آئی۔
گرفتار کیے گئے نوجوان کا نام شیخ حنیف ( 21 ) بتایا گیا ہے، جو بُردوان کے راجابگان علاقے کے گولپُکُر کا رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے اندازہ ہوتا ہے کہ شیخ حنیف قومی شاہراہ پر کسی مجرمانہ کارروائی کی نیت سے موجود تھا۔
پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جائے وقوعہ پر چھاپہ مارا گیا، اور تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے دیسی پستول اور ایک راؤنڈ گولی برآمد ہوئی۔ اس کے بعد فوری طور پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ہفتے کے روز پولیس نے ملزم کے خلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے اُسے بُردوان عدالت میں پیش کیا۔ پولیس اب اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ ملزم کے پاس اسلحہ کہاں سے آیا، اور اس کے پیچھے کیا مقصد تھا۔